چلیں! آج کھانے میں نلی نہاری کیوں نہ بنائیں؟
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)لفظ نہاری، عربی لفظ نہار سے نکلا ہے جس کے معنی ہوتے ہیں صبح، لہٰذا نہاری نام سے یہ سمجھ میں آتا ہے کہ اسے صبح کے ناشتے میں استعمال کیا جاتا تھا، کہتے ہیں کہ نہاری بنانے کی ابتدا یا تو جامع مسجد دہلی کی پچھلی گلیوں سے ہوئی، جہاں سے زیادہ تر دہلی والوں کا تعلق ہے یا پھر بہت سے لکھنؤ کے دلدادہ سمجھتے ہیں کہ اس کا آغاز اٹھارویں صدی کے آخر میں مغل سلطنت کے زوال کے بعد نواب اودھ کے باورچی خانوں سے ہواتھا۔
نہاری بنانے کی آسان ترکیب
اجزا :
گوشت :1 کلو
نلی: 2 عدد
لہسن‘ادرک پیسٹ :2 کھانے کے چمچ
نمک :حسب ذائقہ
پیاز :3 عدد (سلائس کاٹ لیں)
لال مرچ پاؤڈر :2 چائے کے چمچ
ہلدی پاؤڈر: 1/2 چائے کا چمچ
دھنیا پاؤڈر :1 چائے کا چمچ:
جائفل‘جاوتری پاؤڈر: 1/2 چائے کا چمچ
گرم مصالحہ پاؤڈر :1 چائے کا چمچ
کالا زیرہ (کٹا ہوا) :1/4 چائے کا چمچ
سیاہ مرچ پاؤڈر: 1/4 چائے کا چمچ
دار چینی پاؤڈر: 1 چٹکی
آٹا :1/2 کپ
سونٹھ پاؤڈر :1/2 چائے کا چمچ
گھی: 1 کپ
ترکیب :
پتیلی میں گھی گرم کر کے اس میں پیاز ڈال کر اس کی رنگت گلابی ہونے تک فرائی کریں۔اس کے بعد اس میں گوشت‘نلی‘لہسن‘ادرک پیسٹ‘لال مرچ پاؤڈر‘ہلدی پاؤڈر‘دھنیا پاؤڈر‘گرم مصالحہ پاؤڈر‘کالا زیرہ‘سیاہ مرچ پاؤڈر‘دار چینی پاؤڈر‘سونٹھ پاؤڈر اور نمک ڈال کر بھون لیں 6-8 گلاس پانی ڈال کر اُبالیں۔
گوشت گل جائے تو نلی نکال کر گودا الگ رکھ لیں اس کے بعد سالن سے گھی نتھار کر الگ کر لیں اور گوشت بھون لیں،جائفل‘جاوتری پاؤڈر اور آٹا پانی میں گھول کر ڈالیں۔
سالن میں نلی اور گودا شامل کریں،نہاری حسب پسند گاڑھی ہو جائے تو الگ کیا سالن کا گھی اس میں ڈالیں تھوڑی دیر پکانے کے بعد سرونگ ڈش میں نکال لیں۔
لیموں‘ادرک‘ہرا دھنیا اور ہری مرچوں سے گارنش کر کے سرو کریں۔