جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایبولا سے بچاؤ کے اقدامات سخت کر دئیے گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ابراہیم رند) محکمہ صحت سندھ نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایبولا سے بچاؤ کے اقدامات سخت کر دئیے۔
تفصیلات کے مطابق ایبولا وائرس کے عالمی خطرات کے پیشِ نظر اعلیٰ سطحی ہنگامی اجلاس منعقد ہوا،سپیشل سیکرٹری صحت فواد غفار سومرو کی زیرِ صدارت اجلاس ہوا،اجلاس میں جناح ایئرپورٹ پر ایبولا سے نمٹنے کیلئے ہنگامی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا، ایئرپورٹ پر سخت نگرانی، فوری ردِعمل اور آئسولیشن وارڈ اور اقدامات مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں محکمہ صحت، اے ایس ایف،ایف آئی اے اور پی سی اے اے اور بارڈر ہیلتھ سروسز حکام نے بھی شرکت کی،اجلاس میں ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر وقار میمن اور ڈائریکٹر پی ڈی ایس ار یوڈاکٹر آصف سید ، ڈاکٹر ظفر مہدی بھی شریک ہوئے،اجلاس کے بعد مختلف شعبوں کے افراد کو ٹریننگ فراہم کی گئی۔
ایبولا سے نمٹنےکیلئے 24 گھنٹے ایمبولینس کی دستیابی یقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا،ہنگامی سامان کیلئے علیحدہ سٹور روم قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا،اس کے علاوہ ایئرپورٹ پر مسافروں کی نگرانی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کی گئی،فرنٹ لائن عملے کے لیے حفاظتی اقدامات اور سہولیات یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔
ڈاکٹر سید ظفر مہدی نے ایئرپورٹ پر عملی چیلنجز اور ضروریات پر بریفنگ دی،ڈاکٹر سیدظفر مہدی نے کہاکہ ایئرپورٹس مہلک متعدی بیماریوں کی منتقلی کے حساس مقامات ہیں، ایبولا سے نمٹنے کیلئے فوری ردِعمل اور مؤثر تیاری ناگزیر ہے۔
ڈاکٹر وقار احمد میمن نے تربیتی سیشنز اور موک ایکسرسائزز کی اہمیت پر زور دیا، جناح ایئرپورٹ پر ہیلتھ پروفیشنلزکیلئے ایبولا آگاہی و تربیتی سیشن کا انعقاد کیا گیا، ایبولا کی منتقلی، نگرانی اور آئی پی سی اقدامات پر تکنیکی بریفنگ دی گئی۔
مشتبہ مریضوں سے محفوظ انداز میں نمٹنے اور کانٹیکٹ ٹریسنگ پر خصوصی تربیت دی گئی،محکمہ صحت سندھ نے عوامی صحت کے تحفظ کیلئےمکمل الرٹ رہنے کا اعادہ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ کا تمام مسلم ممالک سے ابراہیمی معاہدے پر دستخط کرنے کا مطالبہ