خلیل الرحمان قمرسے اختلاف، ماہرہ خان نے غلطی تسلیم کرلی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)معروف اداکارہ ماہرہ خان نے نامور ڈرامہ نگارخلیل الرحمان قمر کے ساتھ اختلافات پر اپنی خاموشی توڑتے ہوئے بالآخر اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا۔
ماہرہ خان نے گفتگو کا آغاز کرتے ہوئے وضاحت دی کہ وہ اور خلیل الرحمان کبھی قریبی دوست نہیں تھے،لیکن ان کا مشترکہ پروجیکٹ "صدقے تمہارے"ایک ایسا سفر تھا جسے دونوں نے محبت اور خلوص سے مکمل کیا۔
متنازعہ معاملے کے حوالے سے جب ان سے پوچھا گیا تو ماہرہ خان نے بلا جھجک کہا"ہاں، میں غلط تھی،مجھے انہیں براہِ راست پیغام دینا چاہیے تھا،بجائے اس کے کہ میں سوشل میڈیا پر ٹویٹ کرتی،وہ بالکل صحیح کہہ رہے ہیں۔"
ماہرہ خان نے اعتراف کیا کہ وہ اُس وقت اپنی فلم"نیلوفر" کی شوٹنگ میں مصروف تھیں جب رات گئے انہوں نے ایک ایسی خبر پڑھی جس میں کسی خاتون سے بدتمیزی کا ذکر تھا،اس وقت انہوں نے اس بات پر غور نہیں کیا کہ وہ خاتون کون تھی بلکہ وہ صرف ناانصافی پر آواز بلند کرنا چاہتی تھیں،غصے میں آکر انہوں نے وہ ٹوئٹ کی جو بعد میں ایک تنازعے کی شکل اختیار کرگئی۔

ماہرہ خان نے بتایا کہ بعد میں ان کی والدہ نے بھی انہیں احساس دلایا کہ سوشل میڈیا پر ردِعمل دینے سے پہلے انہیں براہِ راست بات کرنی چاہیے تھی، خاص طور پر جب بات ایک سینئر فنکار کی ہو،ان کی ماں نے بجا طور پر مشورہ دیا کہ اگر وہ اگلے دن کسی انٹرویو میں اپنی رائے دیتیں تو زیادہ بہتر ہوتا کیونکہ اختلاف رکھنا اور ادب قائم رکھنا بیک وقت ممکن ہے۔
ماہرہ خان نے سینئر اداکار فردوس جمال کی تنقید کا بھی جواب دیااورانکشاف کیا کہ کیریئر کے ابتدائی دنوں میں ایسی باتیں ان پر گہرا اثر ڈالتی تھیں،لیکن اب وہ زیادہ پختہ ہوچکی ہیں،جب تک آپ تھوڑے کامیاب ہوتے ہیں،لوگ ساتھ ہوتے ہیں، لیکن جب آپ بہت کامیاب ہوجائیں تو وہی لوگ عدم تحفظ کا شکار ہوکر آپ کے خلاف بولنے لگتے ہیں،وہ جانتی ہیں کہ کچھ لوگ اُن کے بارے میں اس لیے تنقید کرتے ہیں کیونکہ وہ انہیں ذاتی طور پر جانتے ہی نہیں۔
واضح رہے کہ ماہرہ خان اس سال عیدالاضحیٰ پر ہمایوں سعید کے ساتھ فلم ’’لو گرو‘‘ میں جلوہ گر ہونے جا رہی ہیں جس کی وہ آج کل تشہیری مہم میں مصروف ہیں۔