وزیراعلیٰ محسن نقوی اچانک شیخوپورہ پہنچ گئے، مفت آٹا پوائنٹ کا دورہ

Mar 25, 2023 | 17:52:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی آج اچانک شیخوپورہ پہنچ گئے ، محسن نقوی نے مفت آٹا پوائنٹ اور ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مفت آٹا لینے کیلئے آئے شہریوں سے بات چیت کی اور ان میں گھل مل گئے، وزیر اعلیٰ معمر خاتون کا ہاتھ تھام کر خود کاؤنٹر پر لے کر گئے،وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر سرمد تیمور اور ڈی پی او شیخوپورہ زاہد نواز مروت کو آٹا پوائنٹس پر آنے والے شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی کا کہنا تھا کہ مفت آٹے کا کوٹہ بڑھایا جا رہا ہے، مستحق افراد کو مفت آٹا سمیت ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہے ہیں اور گراں فروشوں کے خلاف بھی کارروائیاں کی جارہی ہیں ۔
بعد ازاں نگران وزیر اعلی پنجاب ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچے علاج معالجہ کی سہولیات کا جائزہ لیا اور زیر علاج مریضوں کی عیادت کی، محسن نقوی نے سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کو ڈی ایچ کیو ہسپتال میں اینجیو پلاسٹی اور ایم آر کی سہولت فوری فراہم کرنے کے احکامات دئیے ، پی ٹی آئی کارکنان کی گرفتاریوں کے متعلق سوال پر وہ مسکرائے اور کوئی جواب نہ دیا۔
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے گاڑی سے اتر کر راستے پر بیٹھی خواتین سے مفت آٹے کے متعلق دریافت کیا اور ضلعی انتظامیہ کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

یہ بھی پڑھیں: سونے کی قیمت میں ایک بار پھر بڑی کمی