وادی تیراہ میں شدید برفباری، پاک فوج کی مؤثر ریلیف سرگرمیاں جاری
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)وادی تیراہ میں شدید برفباری کے بعد پاک فوج کی مؤثر ریلیف سرگرمیاں جاری ہیں۔
شدید برف باری کے باعث تیراہ میں معمولاتِ زندگی بری طرح متاثر ہو گئے ہیں،مسلسل اور شدید برف باری کے نتیجے میں علاقے میں مواصلاتی اور زمینی رابطوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا، جس کے پیش نظر پاک فوج اور فرنٹیئر کور نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔
ریلیف آپریشن کے دوران برف میں پھنسی متعدد گاڑیوں کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا جبکہ خراب موسم اور دشوار گزار راستوں کے باوجود امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں تک پہنچتی رہیں،پاک فوج کی جانب سے متاثرہ خاندانوں میں کھانا، کمبل، ہنگامی طبی امداد اور دیگر ضروری اشیائے خورونوش تقسیم کی جا رہی ہیں۔
پاک فوج کی بروقت اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے باعث علاقے میں اہم زمینی راستے بحال کر دیے گئے ہیں، جس سے امدادی سرگرمیوں میں مزید تیزی آئی ہے، سخت موسمی حالات کے باوجود سیکیورٹی فورسز کی انتھک کوششوں پر مقامی شہریوں نے ان کی خدمات کو سراہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:امریکا کی 18 ریاستوں میں تباہ کن برفانی طوفان، ایمرجنسی نافذ
پاک فوج نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ وہ مقامی آبادی کی فلاح و بہبود،قیام امن اور معمولاتِ زندگی کی مکمل بحالی کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی۔