افواج پاکستان نے معرکہ حق میں بھارت کو عبرتناک شکست دی،دشمن کے 7طیارے گرائے،وزیراعظم
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کسی کو مذہب کے نام پر من مانی کی اجازت نہیں دی جائے گی، حکومت اقلیتوں کی ترقی، خوشحالی اور حقوق کے تحفظ کیلیے ان کےساتھ کھڑی ہے،افواج پاکستان نے معرکہ حق میں بھارت کو عبرتناک شکست دی،ہمارے شاہینوں نے دشمن کے 7طیارے گرائے۔
وزیراعظم ہاؤس میں کرسمس کے حوالے سے منعقدہ خصوصی تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آج کرسمس منانے کیلئے یہاں اکٹھے ہوئے ہیں، حضرت عیسیٰ نے انسانیت کو ظلم وجبر سے نجات دلائی، حضرت عیسیٰ علیہ السلام اور حضرت مریم سلام اللہ علیہا کی تعلیمات آج بھی انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اقلیتوں خاص طور پر مسیحی برادری کا قابل قدر اور تاریخی کردار ہے، قیام پاکستان سے آج تک تمام اقلیتوں نے ہر شعبے میں اہم کردار ادا کیا، مسیحی برداری نے تعلیم، طب، دفاع سمیت ہر شعبے میں گراں قدرخدمات انجام دیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم مسلح افواج میں مسیحی افسران اور جوانوں کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، اقلیتوں کے ساتھ کسی صورت زیادتی نہیں ہونے دیں گے، کسی بھی اقلیتی شخص سے ناانصافی یا زیادتی پر قانون پوری قوت سے حرکت میں آئے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ رواں سال مئی میں پاکستان نے فیلڈمارشل کی ولولہ انگیز قیادت میں دشمن کے چھکے چھڑا دیئے، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کی قیادت میں بھارت کے 7 جہاز گرائے اور 8 ویں کو شدید نقصان پہنچا۔
شہباز شریف نے کہا کہ میرے قائد نواز شریف نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری کی، نوازشریف بطور وزیراعظم دیوالی اور کرسمس کے تہواروں میں شریک ہوئے اسلام نے مساوات، عدل، انصاف اور برابری کا ہمیشہ سبق دیا، نبی کریمﷺ کے اسوہ حسنہ پر نظر دوڑائیں تو نچوڑ یہ ہے کہ انسانیت کے ساتھ بردباری اورمحبت سے پیش آؤ۔
براہِ راست:وزیراعظم محمد شہباز شریف کی وزیر اعظم آفس میں کرسمس کے حوالے منعقدہ تقریب میں خطاب https://t.co/dI6k52kYFy
— Government of Pakistan (@GovtofPakistan) December 25, 2025
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ دکھی انسانیت کے سکھ کا ذریعہ بننا چاہیے، وطن پر لہو نچھاورکرنے والے مسیحی بھائیوں کو خراج عقیدت پیش کرتا ہوں، ہارون ولیم نے دشمن سے لڑتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا، میں نے فیلڈمارشل سید عاصم منیر کے ساتھ ہارون ولیم کے جنازے میں شرکت کی۔
انہوں نے کہا کہ کسی اقلیتی شہری سے ناانصافی یا زیادتی ہوئی تو قانون پوری قوت سے حرکت میں آئے گا، اقلیتوں سے زیادتی کرنے والے ہر ہاتھ کو روکا جائے گا، یقین دلاتا ہوں آپ کی ترقی اور خوشحالی کے سفر میں ساتھ دیں گے، اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے پوری طرح کھڑے ہیں، کسی کو یہ اجازت نہیں دیں گے کہ وہ اقلیتوں سے ناانصافی کرے۔
ان کا کہنا تھا کہ قوم مسلح افواج میں مسیحی افسران اور جوانوں کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کر سکتی، پاکستان میں ہرشہری کو اپنے مذہب پر عمل کرنے کی مکمل آزادی حاصل ہے، مسجد، مندر، گرجاگھر یا گوردوارہ میں سب کو عبادات کی آزادی حاصل ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت مذہبی امور کھیئل داس کوہستانی کا کہنا تھا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے،بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ نارواسلوک ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مودی مذہب کے نام پر نفرت پھیلا رہا ہے، مودی بھارت کا راون ہے۔
بعدازاں وزیراعظم شہبازشریف نے مسیحی برادری کے ساتھ کرسمس کا کیک بھی کاٹا، تقریب میں وفاقی وزراء، اراکین پارلیمنٹ اور غیرملکی سفارتکار بھی شریک ہوئے۔