کراچی: انٹرمیڈیٹ بورڈ کے پوزیشن ہولڈرز سرکاری کالجز کے طلبا کیلئے الیکٹرک بائیکس کا انعام
Stay tuned with 24 News HD Android App
(زبیرراشد)کراچی میں انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں پوزیشن حاصل کرنے والے سرکاری کالجز کے طلبا کو انعام میں وزیر اعظم پروگرام کے تحت الیکٹرک بائیکس دی جائیں گی۔
چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو کے مطابق انسٹیٹیوٹ آف کاسٹ اینڈ مینجمنٹ اکاؤنٹنٹس آف پاکستان (آئی سی ایم اے) نے پوزیشن ہولڈرز کو مکمل فری سکالر شپ دینے کا بھی اعلان کیا ہے۔
اس حوالے سے ایک تقریب کا اہتمام کیا جائے گا، جس میں کراچی کے سرکاری کالجز کے پوزیشن ہولڈر طلبا اور ان کے والدین سمیت اہم شخصیات شریک ہوں گی، طلبا کو انعام میں الیکٹرک بائیکس دینے کیلئے الیکٹرک موٹرسائیکلیں پہنچا دی گئی ہیں۔
چیئرمین انٹرمیڈیٹ بورڈ فقیر محمد لاکھو کے مطابق کراچی کے پوزیشن ہولڈر طلبا کو یہ الیکٹرک موٹر سائیکلیں وزیر اعظم پروگرام کے تحت دی جائیں گی اور 2030 تک ہر سال یہ سلسلہ جاری رہے گا۔
یہ بھی پڑھیں:عوام کیلئے خوشخبری ،یو اے ای میں یوم الاتحاد پر 5 دن کی طویل چھٹیوں کا قوی امکان
واضح رہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک بھر کے ہونہار طلبا کو مفت الیکٹرک بائیکس دینے کا اعلان کیا تھا۔
وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت ملک میں الیکٹرک وہیکلز کی حوصلہ افزائی، الیکٹرک بائیکس، رکشہ و لوڈر کے حصول میں حکومتی معاونت پر جائزہ اجلاس منعقد ہوا تھا۔
وزیراعظم نے الیکٹرک وہیکل کی عام آدمی تک رسائی کے لیے حکومتی سطح پر اقدامات کا جامع لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ وفاقی حکومت وفاق سمیت ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کے ٹاپرز کو الیکٹرک بائیک فراہم کرے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے الیکٹرک وہیکلز اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈرز کو مفت الیکٹرک بائیکس ملیں گی، ہونہار طلبا کو 1 لاکھ الیکٹرک بائیکس اور 3 ہزار رکشے و لوڈر بھی دیے جائیں گے، جب کہ فیڈرل بورڈ کے ٹاپرز بےروزگاروں کو الیکٹرک رکشے اور لوڈر ملیں گے۔