بارشوں کے باعث چھتیں گرگئیں؛2بچوں سمیت تین افراد جاں بحق،متعددزخمی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(فاران یامین,فیضان شریف,جہانزیب آفریدی،محمد عمران)ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کے باعث چھتیں گرنے کے واقعات میں دوبچوں اورخاتون سمیت تین افرادجاں بحق اورمتعدد زخمی ہوگئے۔
ملتان میں گھنٹہ گھر چوک کے قریب پرانے گھر کی کچی چھت گر نے سے 55 سالہ خاتون ملبے تلے دب کر زخمی ہوگئی,ریسکیوٹیموں نے زخمی خاتون کو ملبے سےنکال کر نشتر سپتال منتقل کر دیاہے۔
لاہورمیں بند روڈ نزد بوبی پلازہ کے قریب گھر کی چھت گر نے سے ایک خاتون اور بچی زخمی ہوگئی جس میں بچی کی حالت تشویشناک ہے۔
ریسکیو1122کے مطابق گھر کی چھت مٹی اور ٹی آر گارڈر سے بنی ہوئی تھی،ریسکیو ٹیم نے موقع پر پہنچ کرملبے تلے دبی خاتون اور بچی کو نکال لیااوردونوں زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی جس کے بعد بچی کو تشویشناک حالت میں میاں منشی ہسپتال منتقل کردیاگیاہے۔
آپریشن میں ریسکیو کی 5 ایمرجنسی گاڑیوں کے ساتھ 18 ریسکیورز نے حصہ لیا، چھت گرنے کے واقعہ میں زخمی خاتون اور بچی کی شناخت میمونہ اور مدیحہ کے ناموں سےہوئی ہے۔
عینی شاہدین اور ریسکیو عملے کے مطابق مزید کسی شخص کے ملبے تلے دبے ہونے کی اطلاع نہیں،آپریشن مکمل کر لیا گیاہے۔
دوسری طرف سگیاں کے علاقے میں بھینسوں کے باڑے کی چھت گرنے سے بھی ایک شخص زخمی ہوگیا جس کی شناخت 55سالہ فریاد کے نام سے ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کہیں ہلکی توکہیں تیزبارش؛محکمہ موسمیات نے اہم پیشگوئی کردی
زخمی شخص کو ابتدائی طبی امداد کے بعد اسپتال منتقل کر دیا گیاہے، ریسکیو آپریشن میں دو ایمرجنسی گاڑیوں کے ساتھ 6 اہلکاروں نے حصہ لیا اوراربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم نے مٹی کے ملبے تلے دبے شخص کو نکال کرپہلے ابتدائی طبی امدادفراہم کی جس کے بعدمیاں منشی ہسپتال منتقل کر دیا۔
مصطفی آباد کے نواحی گاؤں دفتو میں خستہ حال مکان کی چھت گرنے سے خاتون جاں بحق اور ایک شدید زخمی ہوگئی۔
مصطفی آباد کے نواحی گاوں دفتو میں 61 سالہ بشیراں بی بی اور 21 سالہ مصباح گھر کے ایک کمرے میں سو رہی تھیں کہ اچانک بوسیدہ چھت ان پر آ گری، حادثے کے نتیجے میں بشیراں بی بی موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئیں، جبکہ مصباح شدید زخمی ہو گئیں، ملبے تلے دبی خواتین کو نکالا گیا تو زخمی خاتون کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا، جبکہ جاں بحق خاتون کی میت ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی۔
باڑہ میں بھی شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے دو کمسن بچے جاں بحق جبکہ ان کا والد زخمی ہوگیا۔
یہ افسوس ناک واقعہ اکاخیل میری خیل للمہ میں پیش آیا جس کے نتیجے میں دو کمسن بھائی اسامہ اور زید خان جاں بحق ہوگئے،جاں بحق بچوں کا تعلق ذخہ خیل قبیلے سے ہے،حادثے میں بچوں کے والد اجر ابیب معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
چھت گرنے کے واقعہ کے بعد علاقے میں سوگ کی فضا ہے۔
اٹک میں مختلف مقامات پر پیش آنے والے دو الگ الگ حادثات میں ایک خاتون سمیت تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔
جنڈ کے گاؤں ڈھاک میں زیرِ تعمیر عمارت کا بیم اچانک گرنے سے دو مزدور 37 سالہ محمد فرقانق اور 19 سالہ مبشر ملبے تلے دب کر زخمی ہوئے، جبکہ کامرہ کے قریب گلبرگ ٹاؤن میں ایک گھر کی کچی چھت گرنے سے خاتون زخمی ہو گئی۔