بلاول  نے آئینی طور پر وزیراعظم کو تسلیم کرلیا ،اب سلیکٹڈ کہنا بند کریں : شاہ محمود قریشی

Jan 24, 2021 | 14:31:PM
بلاول  نے آئینی طور پر وزیراعظم کو تسلیم کرلیا ،اب سلیکٹڈ کہنا بند کریں : شاہ محمود قریشی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) وزیرخارجہ  شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے آئینی طور پر عمران خان کو وزیراعظم تسلیم کرلیا ہے۔اب  وہ  عمران خان کو سیلیکٹڈ نہیں الیکٹڈ کہنا شروع کردیں، ہم اپوزیشن کو آئینی انداز میں شکست دیں گے۔

 میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ   پی ڈی ایم جماعتوں میں اتحاد نہیں، یہ جلد بکھر جائیں گے۔ براڈ شیٹ معاہدے میں پی ٹی آئی کا کوئی عمل دخل نہیں، اپوزیشن تنقید کے بجائے اپنی صفائی پیش کرے۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا مسلم لیگ ن کے معاہدوں نے ہمیں جکڑا ہوا ہے، جسٹس عظمت سعید صاحب کی دیانت کسی سے پوشیدہ نہیں ہے،  اگر اپوزیشن والوں کا دامن صاف ہے تو گھبراہٹ کس چیز کی ہے،ہمارا دامن صاف ہے،  براڈشیٹ کا معاہدہ کس نے کیا تھا؟ پی ٹی آئی کا دخل نہیں تھا۔وزیراعظم عمران خان نے کہا اس کی پوری چھان بین ہوجائے۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہمارے سسٹم کی خرابی کی وجہ سے ایئرلائن میں مسائل ہوئے۔پائلٹس کے لائسنس کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔اُن کا کہنا تھا کہ جب اسرائیل کو منظور ہی نہیں کیا تو اسرائیل نامنظور ریلی کیوں نکال رہے ہیں، یہ لوگ قوم کو گمراہ کر رہے ہیں، پی ڈی ایم کے لوگ کشمیر کے لوگوں کو نقصان نہ پہنچائیں۔

ملک میں مہنگائی کے حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے  کہا آٹے کی کمی کو پورا کرنے کے لیے گندم امپورٹ کی جائے گی، چینی کی بھی امپورٹ کا فیصلہ کیا ہے، گیس کی قیمتوں کا چیلینج ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ  جوبائیڈن انتظامیہ کو بدلے ہوئے پاکستان کے ساتھ آگے چلنا  پڑے گا۔  میں سمجھتا ہوں امریکا اور ہماری سوچ میں مطابقت ہے۔نیا پاکستان، نئی ترجیحات کے ساتھ امریکا کے ساتھ آگے جائے گا۔