سینئر اداکار حبیب کو مدا حوں سے بچھڑے 5سال ہو گئے

Feb 24, 2021 | 23:14:PM
سینئر اداکار حبیب کو مدا حوں سے بچھڑے 5سال ہو گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار حبیب کی 5ویں برسی آج ( جمعرات) کے روز منائی جائے گی ۔اداکارحبیب کا اصل نام حبیب الرحمان تھا، ان کا شمار فلم کے تعلیم یافتہ فنکاروں میں ہوتا تھا۔

تفصیلات کے مطا بق انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے ایم اے انگلش بعد ازاں اردو اور فارسی میں ایم اے کیا۔ وہ ایریگیشن اور بعدازاں سول ایوی ایشن میں بھی ملازم رہے۔حادثاتی طور پر فلم انڈسٹری میں آئے لیکن انہیں جلد کامیابی ملی تو  اسے مستقل پروفیشن بنالیا۔

1956 میں حبیب اپنے چند دوستوں کے ہمراہ فلم کی شوٹنگ دیکھنے گئے جہاں ہدایتکار لقمان اپنی فلم لخت جگر کی شوٹنگ میں مصروف تھے، لقمان نےمختصر کردار میں اسی فلم میں کاسٹ کیا اور انہیں پہلے ہی سین میں ملکہ ترنم نور جہاں کے ساتھ کام کا موقع ملا۔

ان کی کامیاب فلموں میں آدمی، گمراہ، کالاپانی، ایاز، ماں کے آنسو، اولاد، غزالہ، وقت، دیوداس، سازش، شکریہ، آخری دا ﺅاور پردیس شامل ہیں۔حبیب نے بہت سی پنجابی فلموں میں بھی کام کیا۔ ان فلموں میں موج میلہ، بابل دا ویہڑہ، میلہ دو دن دا، لنگوٹیا، بازی جت لئی، رنگو جٹ، ات خدا داویر، پیار نہ منے ہار، چن چودہویں دا، ٹیکسی ڈرائیور، خلیفہ، دومٹیاراں، مکھڑا چن ورگا اور چن شیر قابل ذکر ہیں جبکہ انہوں نے دو سندھی فلمیں پروڈیوس اور ڈائریکٹ بھی کیں۔اداکار حبیب مختصر علالت کے بعد 25 فروری 2016 کو جہان فانی سے کوچ کر گئے تھے ۔