غیر معیاری کارکردگی’’ستھرا پنجاب‘‘ کےنجی ٹھیکیداروں کو وزیر اعلیٰ کی وارننگ

50 ارب کی مشینری اورڈیڑھ لاکھ فورس کے باوجود کوڑے کے ڈھیر ہرگز برداشت نہیں: مریم نواز شریف

Nov 23, 2025 | 11:13:AM
غیر معیاری کارکردگی’’ستھرا پنجاب‘‘ کےنجی ٹھیکیداروں کو وزیر اعلیٰ کی وارننگ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے میں غیر معیاری کارکردگی اورکسی بھی قسم کی کوتاہی برتنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں ملے گی، انہوں نے ’’ ستھرا پنجاب کے نجی ٹھیکیداروں کیخلاف غیر معیاری کارکردگی پر کارروائی کی وارننگ دے دی۔

مریم نوازشریف نے کہا کہ فنڈزدینے کے باوجود بہترین رزلٹ نہ آنا افسوسناک ہے،عوام کی خدمت کے امور میں کسی غلطی یا کوتاہی کی ہرگز گنجائش نہیں،پنجاب کے ہر شعبے میں نیکسٹ لیول گورننس درکار ہے،انتظامیہ کو پورے اختیارات، فنانس اور اعتماد دیا اب100فیصد رزلٹ چاہیے،پنجاب گڈ گورننس میں باقی صوبوں سے بہتر ہے لیکن میں مطمئن نہیں،معیار نیکسٹ لیول کا ہونا چاہیے،کوڑے کے کنٹینر گند سے زیادہ گندے نظر آنا انتہائی افسوسناک ہے،ڈپٹی کمشنرز نے افغان ایشو اور دیگر امور میں اچھا کا م بھی کیا مگر گورننس کا معیار بھی بہتر بنانا ہوگا۔ 

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عوام کے گھروں کو اپنا گھر سمجھ کر صاف رکھنے کے لئے اقدامات کریں،برازیل میں درخت کی شاخ کاٹنا بھی جرم ہے،ہرشہر کے ہر بازارمیں فٹ پاتھ دکان کے داخلی دروازے تک بنائیں، کہیں دھول مٹی نظر نہ آئے،ٹوٹے فٹ پاتھ اور رفریش پینٹ نہ ہونے سے صورت بگڑ جاتی ہے،تمام اضلاع سے سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع سے براہ راست فیڈ بیک لے رہی ہوں،اپنے سیاسی لوگوں کو ناراض کرکے ڈپٹی کمشنرز کو اختیارات، فنانشل پاور اورسہولتیں دیں،40سے50 ارب روپے کی مشینری اورڈیڑھ لاکھ فورس کے باوجود کوڑے کے ڈھیر نظر آنا ہرگز برداشت نہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں گورننس اور صفائی کے انتظامات کی نگرانی مزید سخت کر دی ہے،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر کے لئے مقرر کردہ ”کی پرفارمنس انڈیکیٹر“کی کڑی جانچ پڑتال کی گئی ،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبے کے ہر ضلع میں گورننس کے معیار کی مکمل نگرانی کے لیے خفیہ ٹیمیں بھیجی جائیں گی،پنجاب حکومت نے غیر معیاری کارکردگی دکھانے والے ستھرا پنجاب کے نجی ٹھیکیداروں کے خلاف فوری کارروائی کی وارننگ دے دی ہے۔

دوسری طرف وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے بعض شہروں میں صفائی کی غیر تسلی بخش صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا  کہ ستھرا پنجاب کا جو کنٹریکٹر کام معیاری نہ کرے گا اس کی ادائیگی فوری طور پر معطل ہوگی،صفائی کی صورتحال تسلی بخش نہ ہونے پر ستھرا پنجاب کنٹریکٹ دوبارہ کرنے پر  بھی غورکیا جائیگا،آوارہ کتوں کے کاٹنے اور مین ہول میں گر کر ہلاکتیں روکنے میں ناکامی پر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی  سخت سرزنش کی گئی ، جبکہ بعض اضلاع کے چند سرکاری ہسپتالوں میں پوری طرح فری میڈیسن نہ ملنے کا سخت نوٹس لیا گیا۔

وزیر اعلیٰ نے پنجاب کی ہر شہر میں صفائی کے معیار کو بہتر سے بہترین بنانے کے لیے کوڑے دان کی صفائی اور ویسٹ انکلوژر بنانے کا حکم دیا اور شہروں کا ماحول صاف اور خوشگوار رکھنے کے لئے ویسٹ انکلوژرکے گرد چاردیواری بناکر مکمل طور پر بند کرنے ک ہدایت کی، اور کہا کہ پنجاب بھر میں کوڑے دان روزانہ دھوئے جائیں،صفائی میں ذرا سی کوتاہی بھی برداشت نہیں ہوگی، انہوں نے پارکنگ ایریاز، بس سٹینڈز، اڈوں اور تمام پبلک مقامات کی مثالی صفائی کا حکم بھی دیا۔

دوسری طرف پنجاب میں تجاوزات کے مستقل خاتمے کے لیے اب سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے 24/7 مانیٹرنگ ہو گی،پنجاب میں غیر قانونی قبضے اور غیرقانونی تعمیرات لمحوں میں ڈیجیٹل ریکارڈ پر آئیں,پنجاب میں آمد و رفت میں رکاوٹ پیدا کرنے والی ریڑھیاں فوری ہٹانے کا حکم بھی دیا گیا اورمارکیٹ انتظامیہ سے تحریری طور پر یقینی دہانی لینے کی سخت ہدایت کی،وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سرکاری نرخ ناموں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کے ساتھ گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی ہے.

,پنجاب کے ہر شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی صفائی اور گرین بیلٹ کے قیام کے لیے بھرپور اقدامات کے احکامات،اضلاع میں چلنے والی الیکٹرک بسوں کی حفاظت دیکھ بھال ضروری قراردی گئی،بازاروں میں لٹکتے ہوئے خطرناک بجلی کے تار فوری درست کروانے کا حکم، متعلقہ بجلی کمپنی کو سخت ہدایات جاری کی گئی،ہر شہر کے تمام روڈز پر لین مارکنگ کی مکمل ہدایت، اسسٹنٹ کمشنرز خود موجود ہو کر ہر مقام پر صفائی اور نظم و نسق کی یقینی نگرانی کریں،گڈگورننس یقینی بنانے کے لئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ویجی لینس ٹیمیں بنانے کا حکم دیا گیا۔

مساجد کے وضو خانے کا پانی شجرکاری کے لئے استعمال کرنے کے لئے اقدامات اور پرائیویٹ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں صفائی، مین ہول ڈھکن اور سٹریٹ لائٹس یقینی بنانے کی ہدایت کی،سرکاری احکامات پر عملد رآمد یقینی نہ بنانے والی ہاؤسنگ سوسائٹیز کو جرمانہ کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا ،انہوں نے ہر چھوٹے بڑے شہر میں گرین بیلٹس کی مرمت، باقاعدہ شجرکاری اور گھاس وغیرہ لگوانے کا حکم دیا جبکہ10بجے کے بعد شادیاں ختم اور ون ڈش کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کی،مسلسل غیر معیاری کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ضلعی سربراہان کو تبدیل کرنے کی وارننگ جاری کی گئی،2 وارننگ کے بعد تیسری وارننگ پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو ہٹا دیا جائے گا۔