سندھ کے ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس کی نشاندہی، جولائی میں انسدادِ مہم کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز ) سندھ ایمرجنسی آپریشن سینٹر (ای او سی) کے مطابق جون 2026 کے دوران صوبے سے حاصل کیے گئے 29 ماحولیاتی نمونوں میں سے ایک نمونے میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے، جبکہ مزید 7 نمونوں کی رپورٹ کا انتظار ہے۔
ای او سی سندھ کے مطابق مثبت ماحولیاتی نمونہ کراچی کے ضلع ایسٹ سے رپورٹ ہوا ہے، ادارے کا کہنا ہے کہ موجودہ مرحلے میں سندھ کے کسی دوسرے ضلع سے پولیو وائرس کے مثبت ماحولیاتی نمونے کی تصدیق نہیں ہوئی۔
پولیو وائرس کے خطرے کے پیش نظر صوبے کے تمام اضلاع میں 6 سے 12 جولائی تک انسدادِ پولیو مہم چلائی جائے گی، ای او سی نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کا خیرمقدم کریں اور بچوں کو حفاظتی قطرے پلوانے میں مکمل تعاون کریں۔
ای او سی سندھ نے عوام پر زور دیا ہے کہ پولیو سے متعلق معلومات کے لیے صرف مستند ذرائع پر انحصار کریں اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کی حوصلہ شکنی کریں، کیونکہ بچوں کے تحفظ کے لیے درست معلومات تک رسائی انتہائی اہم ہے۔
ادارے کے مطابق پولیو وائرس کی منتقلی کا موسم شروع ہو چکا ہے اور موجودہ موسمی حالات وائرس کے پھیلاؤ کے لیے سازگار ہیں۔ اس کے علاوہ آبادی کی نقل و حرکت بھی وائرس کی منتقلی کے خطرات میں اضافہ کرتی ہے۔
ای او سی سندھ کا کہنا ہے کہ صوبے نے پولیو وائرس کے پھیلاؤ میں کمی لانے کے لیے نمایاں پیش رفت کی ہے۔ سال 2026 کے دوران دو قومی انسدادِ پولیو مہمات اور ایک خصوصی بوسٹر ڈوز مہم کامیابی سے منعقد کی گئی، جن میں اعلیٰ سطح کی کوریج حاصل ہوئی۔
ای او سی نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ پولیو کے مکمل خاتمے تک کوششیں بھرپور انداز میں جاری رکھی جائیں گی۔ ادارے کے مطابق پولیو کا خاتمہ قومی ترجیحات میں شامل ہے اور وائرس کے مکمل خاتمے تک حاصل شدہ کامیابیوں کو برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔
یہ بھی پڑھیں :ایرانی صدر کا وزیراعظم ہاؤس آمدپرپرتپاک استقبال ، گارڈ آف آنر پیش کیا گیا