ڈی سی حبیب بنگلزئی نے سابق ایم این اے کی افغان شہریت کے نوٹس پر معذرت کرلی
Stay tuned with 24 News HD Android App
جمیعت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سابق رکنِ قومی اسمبلی کو مشکوک شہریت پر نوٹس دینے والے ڈپٹی کمشنر حبیب بنگلزئی ایک دعوت میں ان ہی سابق ایم این اے کے گھر پہنچ گئے،اس موقع پر ڈی سی حبیب بنگلزئی نے سابق ایم این اے کی افغان شہریت کے نوٹس پر معذرت کی۔
جے یو آئی چمن کے اعلامیے کے مطابق ڈی سی نے سابق ایم این اے کے گھر کے ایڈریس پر ملنے والا نوٹس غلط فہمی قرار دیا،ترجمان جے یو آئی چمن کے مطابق ڈی سی نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ نے کمشنر کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی قائم کی ہے۔
دریں اثناء ڈپٹی کمشنر حبیب بنگلزئی نے کہا کہ سابق ایم این اے کے گھر جے یو آئی کے ایم پی ایز کی خواہش پر گیا،ڈی سی کا کہنا ہے کہ سابق ایم این اے کی رہائش گاہ پر ضلع کی مجموعی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال ہوا،انہوں نے کہا کہ کمشنر کوئٹہ ڈویژن سابق ایم این اے کی شہریت کی دستاویزات کی خود انکوائری کر رہے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق اراکینِ اسمبلی کے ساتھ ملاقات کی سوشل میڈیا پر غلط تشہیر کی جا رہی ہے،حبیب بنگلزئی نے کہا کہ پروپیگنڈے، الزامات، منفی تنقید مسائل کا جڑ اور ترقی میں رکاوٹ ہیں۔
یاد رہے کہ چند روز پہلے ضلعی انتظامیہ نے مشکوک شہریت پر جے یو آئی کے سابق ایم این اے کو نوٹس جاری کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : افغانستان کی ایرانی جوہری تنصیبات پر امریکی حملے کی مذمت