خیبر پختونخوا میں تیز بارش،9 افراد جاں بحق،7 افراد زخمی

Jul 23, 2023 | 15:15:PM
خیبر پختونخوا میں تیز بارش،9 افراد جاں بحق،7 افراد زخمی
کیپشن: فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) خیبر پختونخوا میں طوفانی بارشوں کے باعث مختلف حادثات کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق جبکہ 7 افراد زخمی ہوگئے۔

پی ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر میں سیلاب اور بارشوں سے 67 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ مختلف حادثات کے نتیجے میں 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔ 

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چترال لوئر میں سیلاب سے 39 جبکہ اپر چترال میں 19 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔سیکرٹری ریلیف عبدالباسط نے پی ڈی ایم اے کے ایمرجنسی سنٹر کا دورہ کیا۔ سیکرٹری ریلیف کی تمام ڈپٹی کمشنر کو صوبے میں بارشوں سے زخمیوں اور جاں بحق ہونے والے افراد کے ورثاء کو فوری طور پر امدادی چیکس کی ادائیگی کی ہدایات کی۔ صوبائی حکومت کی ہدایت پر بارشوں اورسیلاب سے متاثرہ اضلاع کیلئے 60 ملین روپے جاری کر دیئے گئے۔ 

سیکرٹری محکمہ ریلیف عبدالباسط کی جانب سے چترال اپر کیلئے دوکروڑ اور چترال لوئر کیلئے دوکروڑ جاری کر دیے گئے۔ بنوں اور شانگلہ کیلئے ایک ایک کروڑ روپے جاری کیے گئے۔  ترجمان محکمہ ریلیف کا کہنا ہے کہ لوئر چترال میں سیلاب کا پانی کم ہوتے ہی نقصانات کا تفصیلی اسسمنٹ شروع کی جائے گی، حساس کمیونٹیز کو پہلے ہی محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا تھا جبکہ متاثرہ خاندانوں کو کھانے پینے کی اشیاء (خشک راشن) فراہم کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ(ن)نے پی ٹی آئی کی اہم وکٹ اُڑا دی

محکمہ ریلیف کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ضلعی انتطامیہ، پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، ضلعی انتطامیہ اور متعلقہ ادارے الرٹ ہے۔غوزی کے مقام پر سڑک کو ٹریفک کے لیے کلیئر کر دیا گیا ہے، دیر اپر کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے یک طرفہ سڑک کھول دی گئی ہے جبکہ سڑک کی دو طرفہ بحالی کا کام جاری ہے۔

محکمہ ریلیف نے ڈپٹی کمشنر اپر اور لوئر چترال کی درخواست پر تیز بارشوں سے متاثرہ اپر اور لوئر چترال میں ایمرجنسی نافذ کر دی۔ ایمرجنسی کا نفاذ 15 اگست 2023 تک ہو گا۔