پہاڑوں پر برف، میدانوں میں بارش، موسم نے ملک بھر میں رنگ بکھیر دیئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے پہاڑی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
خیبر پختونخوا کے ضلع دیر میں سیاحوں نے برفباری کا لطف اٹھانے کے لیے لواری ٹنل کا رخ کرلیا،سوات، کالام، مالم جبہ اور گردونواح کے پہاڑوں پر برف باری کے بعد ہرجانب سفیدی چھاگئی۔
ایبٹ آباد اور گلیات کے مختلف مقامات پر ہلکی بارش ہوئی جس کی وجہ سے درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھی گئی، سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا جبکہ پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی بادل برسے۔
وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں وادیاں برف سے ڈھک گئیں، اپر نیلم، اڑنگ کیل اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے ۔
ادھر چلاس کے بالائی مقامات پر گزشتہ رات سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا۔
بلوچستان کے شمال مشرقی اور وسطی علاقوں میں سائبیرین ہواؤں کا نیا سسٹم داخل ہوگیا جس کی وجہ سے سردی کی شدت میں مزید اضافہ متوقع ہے۔
بلوچستان کے شمالی بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ٹرمپ کی ایک بار پھر فیلڈ مارشل اور وزیراعظم کی تعریف، پاک بھارت جنگ رکوانےکا بھی ذکر
محکمہ موسمیات کے مطابق قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی ایک ڈگری، کوئٹہ میں 2 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ چند روز میں سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں سردی کی شدت بڑھنے کا امکان ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ سندھ کا کہنا ہے کہ کراچی میں کل سے درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے، شہر میں جنوری کے پہلے دو ہفتے سرد ہوں گے۔
پنجاب بھر میں بارش برسانے والا سسٹم گزر گیا جس کے باعث خشک سرد موسم پھر شروع ہوگیا ہے,لاہور سمیت پنجاب بھر میں صبح اور رات کے وقت دھند کا راج ہے جس کے باعث موٹر ویز کو مختلف مقامات سے ٹریفک کے لیے بند کر دیا جاتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 27 سے 31 دسمبر تک دوبارہ بارش برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل ہوگا جس کے سبب لاہور اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔
لاہور میں کم سے کم درجہ حرارت 9 اور زیادہ سے زیادہ 18 ڈگری تک جانے کے امکانات ہیں۔
اس سے قبل، ملک میں داخل ہونے والا مغربی سسٹم لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر علاقوں میں بارش برسائے بغیر گزر گیا تھا۔