باپ کی چوری چھپانےکیلئے بچوں کو جھوٹ بولنا پڑ رہا ہے : وزیراعظم

Dec 23, 2020 | 11:41:AM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ غلط راستے پر چلنے والے سیاستدانوں کیلئے لوٹ مار کا پیسہ اللہ کا عذاب ہے، ماضی کے سیاستدان جس راستے پر نکلے وہ آج عبرت کا نشان ہیں، کبھی ہسپتال جا رہے ہیں، کبھی باہر بھاگ رہے ہیں، باپ کی چوری چھپانے کیلئے بچوں کو جھوٹ بولنا پڑ رہا ہے، لوٹ مار کا پیسہ کبھی کسی کے کام نہیں آتا۔

اسلام آباد  پولیس لائنر ہیڈ کوارٹرز میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا جس میں  وزیراعظم عمران خان  نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔عمران خان کا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ جب میں نے  کرکٹ  کھیلنا شروع کی تو میرے سامنے 2 راستے  تھے، ساؤتھ افریقہ سے کرکٹ کھیلنے کیلئے بہت زیادہ پیسوں کی پیشکش ہوئی، جنہوں نے کئی سالوں سے ملک کا اقتدار سنبھالا ان کے سامنے بھی 2 راستے تھے۔ماضی کے سیاستدان جس راستے پر نکلے وہ آج عبرت کا نشان ہیں۔باپ کی چوری بچانے کیلئے بچوں کو جھوٹ بولنا پڑتا ہے۔ بڑے بڑے محلوں میں رہنے والوں کی اصلیت تو اللہ جانتا ہے۔چوری کے پیسے کا کوئی فائدہ نہیں۔ 

قوم کو صبر کرنے کا مشورہ:

عمران خان  نےاعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی بڑھ گئی ہے۔تنخواہ دار طبقے کو ملنے والی تنخواہ کافی نہیں،جلد معیشت  بہتر ہوئی تو تنخواہوں میں اضافہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ ہر گھر پر مشکل وقت آتا ہے ، قرضے چڑھتے ہیں تو اخراجات کم کرنا پڑتے ہیں،، وفاقی حکومت  کے اخراجات  40 فیصد  اور وزیراعظم ہاؤس کے  اخرات 70 فیصد کم  کردئیے،قوم سے کہتا ہوں تھوڑا صبر کرنے پڑے گا۔اللہ تعالیٰ قرآن پاک میں فرماتے ہیں کہ نبیؐ کی سنت پر چلو، قرآن پاک میں واضح ہے کہ رزق اللہ کے ہاتھ میں ہے۔کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ سرپلس ہوگیا ہے، ملک میں اللہ تعالیٰ نے سب کچھ دیا صرف گورننس کو ٹھیک کرنا ہے۔

پاس آؤٹ پولیس جوانوں کو پیغام:

وزیراعظم نے کہا کہ پولیس کا آج تک وہ مقام نہیں بنا جس کے وہ مستحق ہیں۔ میں چاہتا ہوں قوم پولیس کو پسند کرے۔پاس آؤٹ ہونیوالوں کو مبارکباد دیتا ہوں، امن و امان قائم ہونے تک معاشرے میں خوشحالی نہیں آتی، ہماری سرحدوں پر قوم کی حفاظت پاک فوج کرتی ہے۔

خیبرپختونخوا پولیس کو خراج تحسین:

عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں حکومت میں آئے تو پولیس کا مورال گرا ہوا تھا۔  پی ٹی آئی نے خیبرپختونخوا میں پولیس کو تبدیل کیا،جس کے بعد کے پی پولیس نے دہشتگردی کا مقابلہ کیا اور شہریوں نے پولیس کی حمایت میں جلوس بھی نکالے۔

اسلام آباد پولیس کیلئے اعلان:

وزیراعظم نے کہا میں سمجھتا ہوں پولیس کو ملنے والی تنخواہ کافی نہیں، مہنگائی میں اضافہ ہوچکا لیکن تنخواہیں نہیں بڑھیں، اسلام آباد پولیس کی تنخواہیں پنجاب سے کم ہیں، پولیس کی تنخواہوں سے متعلق آج حفیظ شیخ سے بات کروں گا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ ہر پولیس اہلکار کو 10 لاکھ روپے کے اخراجات کا ہیلتھ کارڈ دیں گے، نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم میں اسلام آباد پولیس کیلئے پروگرام لا رہے ہیں، پولیس تنخواہ سے جو ہاؤس رینٹ کٹوائے گی وہ گھر کی قسط ہوگی، اقساط پوری ہونے پر پولیس اہلکار گھر کے مالک بن جائیں گے۔

تقریب سے خطاب سے قبل وزیراعظم عمران خان   نے پریڈکامعائنہ کیا   ،پولیس کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا  اور یادگارِ شہداء پر پھولوں کی چادر بھی  چڑھائی ۔اس موقع پر  پولیس کے چاک و چوبند دستے نےعمران خان کو سلامی بھی پیش کی۔انہوں نے پیشہ ورانہ تربیت کا بہترین مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کئے۔