عمان کے لیبر قوانین کے حوالے سے اہم خبر آگئی

Apr 23, 2026 | 22:29:PM
عمان کے لیبر قوانین کے حوالے سے اہم خبر آگئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)عمان کے لیبر قوانین کے حوالے سے اہم خبر آگئی ہے جس کے مطابق ملازمین سے ایک دن میں آٹھ گھنٹے سے زائد کام نہیں لیا جاسکے گا۔

بیورو آف امیگریشن اور اوورسیز ایمپلائمنٹ کی پوسٹ کے مطابق سلطنت عمان کا لیبر قانون ملازمین کی صحت، فلاح و بہبود اور بہتر کارکردگی کو یقینی بنانے کے لیے اوقات کار کی واضح حدود مقرر کرتا ہے۔

قانون کے آرٹیکل 70 کے مطابق کسی بھی آجر کو یہ اجازت نہیں کہ وہ کسی ملازم سے ایک دن میں آٹھ گھنٹے سے زیادہ کام لے۔ اسی طرح ہفتہ وار کام کا مجموعی دورانیہ چالیس گھنٹوں سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔

قانون کے مطابق ملازمین کو مناسب آرام فراہم کرنے کے لیے روزانہ کام کے دوران ایک گھنٹے کا وقفہ دینا بھی لازمی ہے جو آرام اور کھانے کے لیے مخصوص ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ قانون یہ بھی واضح کرتا ہے کہ کسی کارکن سے مسلسل چھ گھنٹے سے زیادہ بغیر وقفے کے کام نہیں لیا جا سکتا۔ 

لیبر قوانین کے تحت مذہبی عبادات کے احترام کے پیشِ نظر رمضان المبارک کے دوران خصوصی رعایت بھی دی گئی ہے۔ اس مدت میں مسلمان کارکنوں کے لیے کام کے اوقات کم کر کے زیادہ سے زیادہ چھ گھنٹے روزانہ یا تیس گھنٹے ہفتہ وار مقرر کیے گئے ہیں۔

قانون یہ بھی لازم قرار دیتا ہے کہ کام کے اوقات کے بارے میں مکمل شفافیت برقرار رکھی جائے۔ اس مقصد کے لیے آجر پر لازم ہے کہ وہ ادارے کے اندر ایک واضح جگہ پر اوقاتِ کار کا شیڈول آویزاں کرے، جس میں روزانہ کام کے اوقات اور ہفتہ وار آرام کے دنوں کی تفصیل درج ہو۔

اس اقدام کا مقصد یہ ہے کہ کارکن اپنے کام کے نظام سے مکمل طور پر آگاہ رہیں اور ضرورت پڑنے پر متعلقہ حکام بھی اس کی نگرانی کر سکیں۔

 یہ بھی پڑھیں:ایلون مسک نے کراچی کے نوجوان کی کمپنی کی قیمت 60 ارب ڈالر لگا دی