لاہور،دودھ اور دہی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا

Sep 22, 2025 | 17:35:PM
لاہور،دودھ اور دہی کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)لاہور میں دودھ اور دہی کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کر دیا گیا ہے ، نئے نرخوں کے مطابق دودھ کی فی لیٹر قیمت 20 روپے اضافے کے ساتھ 220 روپے ہو گئی ہے جبکہ دہی کی فی کلو قیمت بھی 20 روپے بڑھا کر 260 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔

قیمتوں میں اس حالیہ اضافے کے بعد متوسط طبقے کے لیے روزمرہ کی یہ ضروری اشیاء خریدنا مزید مشکل ہو گیا ہے،اس سے قبل لاہور میں دودھ 200 روپے فی لیٹر اور دہی 240 روپے فی کلو فروخت کیا جا رہا تھا۔

 چیئرمین ملک ایسوسی ایشن نے قیمتوں میں اضافے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں اور سیلاب کے باعث جانوروں کے چارے کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے  جس کا براہ راست اثر دودھ کی پیداواری لاگت پر پڑا ہے، ان کا کہنا تھا کہ چارہ مہنگا ہونے کی وجہ سے دودھ کی قیمتوں میں اضافہ ناگزیر ہو گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ فارمرز کو اب جانوروں کی خوراک کے لیے زائد قیمت ادا کرنا پڑ رہی ہے جس کا بوجھ آخرکار صارفین پر منتقل ہو رہا ہے۔

 دوسری جانب شہریوں نے قیمتوں میں اضافے کو مسترد کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ روزمرہ استعمال کی اشیاء خاص طور پر دودھ اور دہی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات کرے،شہریوں کا کہنا ہے کہ پہلے ہی مہنگائی نے جینا دوبھر کر رکھا ہے، اب دودھ اور دہی جیسی بنیادی ضروریات کی قیمتوں میں اضافہ ان کے لیے مزید مشکلات پیدا کر رہا ہے۔

 عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہیے کہ وہ ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کے خلاف کریک ڈاؤن کرے اور ایسے اقدامات کرے جن سے کسانوں اور صارفین دونوں کو ریلیف فراہم ہو۔

یہ بھی پڑھیں :  سونے کی قیمتوں کانیا ریکارڈ،فی تولہ ہزاروں روپے مہنگاہوگیا