اوپن اے آئی کا نیا ویب براؤزر ’’چیٹ جی پی ٹی اٹلس‘‘ متعارف

Oct 22, 2025 | 22:26:PM
اوپن اے آئی کا نیا ویب براؤزر ’’چیٹ جی پی ٹی اٹلس‘‘ متعارف
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز ) معروف آرٹیفیشل انٹیلی جنس کمپنی اوپن اے آئی نے اپنے مشہور چیٹ بوٹ چیٹ جی پی ٹی پر مبنی نیا ویب براؤزر "چیٹ جی پی ٹی اٹلس" متعارف کروا دیا ہے۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹس کے مطابق، یہ براؤزر صارفین کو ویب براؤز کرتے ہوئے چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے مختلف کاموں میں معاونت فراہم کرتا ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ اٹلس صرف ایک براؤزر نہیں، بلکہ ایک ذہین معاون ہے جو صارفین کو ویب پر ایک زیادہ فطری اور آسان تجربہ فراہم کرے گا۔ اس کا مقصد یہ ہے کہ انٹرنیٹ صرف دیکھنے کا ذریعہ نہ ہو، بلکہ سمجھنے اور بات چیت کا بھی ذریعہ بنے۔

اب صارفین روایتی سرچ بار یا لنکس پر کلک کرنے کی بجائے براہِ راست چیٹ جی پی ٹی سے کہہ سکتے ہیں کہ وہ کسی ویب صفحے کا خلاصہ پیش کرے، مصنوعات کا موازنہ کرے، ایئر لائن کا ٹکٹ بُک کرے یا کسی مضمون کے اہم نکات بتائے۔

ویب صفحات پر "آسک چیٹ جی پی ٹی" (Ask ChatGPT) بٹن بھی موجود ہے، جس پر کلک کر کے صارف صفحے کے مواد پر گفتگو کر سکتا ہے۔

اس براؤزر کی اہم خصوصیات میں یہ شامل ہے کہ یہ صارف کی پچھلی بات چیت کو یاد رکھتا ہے تاکہ آئندہ ذاتی نوعیت کی تجاویز دی جا سکیں۔ صارف کو یہ مکمل کنٹرول حاصل ہے کہ وہ چاہے تو اپنا ڈیٹا محفوظ رکھے یا حذف کر دے۔

یہ جدید براؤزر چیٹ جی پی ٹی کو خودکار طور پر خریداری، فلائٹس بک کرنے اور ملاقاتوں کا شیڈول ترتیب دینے جیسی کارروائیاں کرنے کی بھی اجازت دیتا ہے، جو اس وقت چیٹ جی پی ٹی پلس اور پرو صارفین کے لیے دستیاب ہیں، ویب صفحات پر چیٹ جی پی ٹی کا سائیڈبار بھی موجود ہے، جو مواد کا خلاصہ پیش کرتا ہے اور معلومات کی وضاحت میں مدد دیتا ہے۔

اوپن اے آئی کا کہنا ہے کہ یہ نیا براؤزر گوگل کروم اور دیگر روایتی براؤزرز کے لیے ایک چیلنج ثابت ہو گا، کیونکہ چیٹ جی پی ٹی کی مدد سے ویب براؤزنگ کا تجربہ گوگل کے سرچ انجن سے مختلف ہو گا۔

فی الحال یہ ویب براؤزر میک او ایس پر دستیاب ہے اور جلد ہی ونڈوز، آئی او ایس اور اینڈرائیڈ کے لیے بھی متعارف کرایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں :اسرائیل، غزہ میں امداد کی فراہمی کا پابند ہے:عالمی عدالت انصاف