غزہ کی تعمیر نو مشکل مگر ہم ’بہت پر اُمید ہیں‘: امریکی نائب صدر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ حماس کو غیر مسلح کرنا اور غزہ کی تعمیر نو مشکل کام ہے مگر وہ اس کے لیے ’بہت پر اُمید ہیں۔‘
یروشلم میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ہمراہ ایک مشترکہ نیوز کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ امریکہ اور اسرائیل مشرق وسطیٰ کا چہرہ بدل رہے ہیں، اسرائیلی وزیر اعظم نے بھی کہا کہ اسرائیل امریکی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنے مؤقف میں لچک کا مظاہرہ کرے گا۔
جے ڈی وینس نے کہا کہ ’ہم واقعی اسے ابراہام اکارڈ کو آگے بڑھانے کے ایک موقع کے طور پر دیکھتے ہیں۔ میرے خیال میں غزہ معاہدہ ابراہام اکارڈ کو دوبارہ بحال کرنے اور مشرق وسطیٰ میں اتحاد کے لیے ایک ایسے ڈھانچے کی اجازت دینے کا ایک اہم حصہ ہے جو لچکدار اور دیرپا ہو۔
ان کے مطابق ’یہ امریکہ کے مفاد میں ہے، اور میرے خیال میں یہ اسرائیل کے مفاد میں ہے۔‘امریکی نائب صدر نے عرب دنیا کے اتحادیوں کی طرف بھی اشارہ کیا جو رضاکارانہ طور پر آگے بڑھے ہیں اور اس سلسلے میں بہت مثبت کردار ادا کر رہے ہیں۔
بنیامین نیتن یاہو نے یہ بھی کہا کہ ’جب اسرائیل کی سلامتی کی بات آتی ہے تو ہم وہی کرتے ہیں جو ہمیں کرنا ہے، یہ ہمیشہ سے ہوتا آیا ہے لیکن امریکہ ایک مضبوط اسرائیل میں دلچسپی رکھتا ہے، جیسا کہ آپ نے نائب صدر سے سنا ہے۔ اسرائیل ایک مضبوط امریکہ میں دلچسپی رکھتا ہے۔
ان کے مطابق ’خطے میں امریکہ کے دیگر مفادات ہیں اور ہم ان کو ’ایڈجسٹ‘ کرنے کے لیے لچک دکھا سکتے ہیں۔