فور اسٹار جنرلز کی اہم ترین تعیناتیاں، فیصلے کی گھڑی آن پہنچی

Nov 22, 2022 | 23:48:PM
فور اسٹار جنرلز , اہم ترین, تعیناتیاں، فیصلے, گھڑی ,آرمی چیف
کیپشن: فور اسٹار جنرلز کی اہم ترین تعیناتیاں(فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( احمد منصور)فور اسٹار جنرلز کی اہم ترین تعیناتیوں کے فیصلے کی گھڑی آن پہنچی،29 نومبر کو سبکدوش ہونے والے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے جانشین پاک فوج کے 17ویں سربراہ کی تعیناتی کا عمل شروع، وزارت دفاع نے 6سینئر لیفٹیننٹ جنرلز پر مشتمل سمری وزیراعظم آفس بجھوا دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کا تقرر بھی انہی 6لیفٹیننٹ جنرلز میں سے ہو گا، وزارت دفاع نے نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے تقرر کیلئے پاک فوج کے 6سینئر ترین حاضر سروس لیفٹیننٹ جنرلز پر مشتمل سمری وزیراعظم آفس بجھوا دی ہے،سمری میں سب سے پہلا نام لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کا ہے جو اس وقت جی ایچ کیو میں کوارٹر ماسٹر جنرل کے طور پر فرائض سر انجام دے رہے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کور کمانڈر گوجرانوالہ، ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی ملٹری انٹیلی جنس فرائض انجام دے چکے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا کا نام سمری میں دوسرے نمبر پر شامل ہے وہ اس وقت کور کمانڈر راولپنڈی ہیں، لیفٹیننٹ جنرل ساحر شمشاد مرزا جی ایچ کیو میں چیف آف جنرل سٹاف اور ڈی جی ملٹری آپریشنز کی اہم ترین پوزیشنز پر تعینات رہے ہیں۔
لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس سنیارٹی لسٹ میں تیسرے نمبر پر ہیں اس وقت جی ایچ کیو میں اہم ترین پوزیشن چیف آف جنرل اسٹاف کے عہدے پر فائز ہیں، دوران کیریئر کور کمانڈر راولپنڈی اور جی او سی مری سمیت اہم پوزیشنز پر تعیناتی کا تجربہ رکھتے ہیں۔
فور اسٹار جنرلز کی تعیناتیوں کی سمری میں لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود چوتھے نمبر پر ہیں جو اس وقت نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے پریذیڈنٹ ہیں، کور کمانڈر پشاور سمیت پاک فوج کی اہم کمانڈ اور اسٹاف پوزیشنز پر ذمہ داریاں نبھا چکے ہیں۔
سابق ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید اس وقت کور کمانڈر بہاولپور ہیں جبکہ سمری میں پانچویں پوزیشن پر ہیں، کور کمانڈر پشاور بھی رہ چکے ہیں۔
سمری میں آخری نام لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر کا ہے جو اس وقت کور کمانڈر گوجرانوالہ ہیں، انہوں نے دوران کیئریئر پاک فوج کی یونٹ، بریگیڈ اور ڈویژن کمانڈ کی ،لیفٹیننٹ جنرل عہدے پر ترقی کے بعد جی ایچ کیو میں ایڈجوٹینٹ جنرل رہے۔
آئین کے تحت مسلح افواج میں فور اسٹار تعیناتیوں کا اختیار وزیراعظم کا ہے جس کی رسمی منظوری صدر مملکت دیتے ہیں۔

اس اہم ترین فیصلےکی گھڑی آ چکی ہے اور سب وزیراعظم شہباز شریف کے فیصلے کے منتظر ہیں۔