چیئرمین سروس لانگ مارچ ٹائرز کی وزیراعظم سے ملاقات، مزید 300 ارب کی سرمایہ کاری کا اعلان

May 10, 2024 | 23:10:PM
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز) چیئرمین سروس لانگ مارچ ٹائرز گروپ نے وزیراعظم سے ملاقات کی اور پاکستان میں مزید 300 ارب کی سرمایہ کاری کرنے کا نوید سنائی۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کی کاروبار و سرمایہ کار دوست پالیسیوں کی بدولت پاکستان میں سرمایہ کاری کا تسلسل جاری ہے، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین سروس لانگ مارچ ٹائرز گروپ جن یانگشینگ نے لاہور میں ملاقات کی، ملاقات میں وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اور وفاقی وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ بھی شریک تھے.

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم سے آذربائیجان کے وزیر ماحولیات کی ملاقات، کاپ 29 اجلاس میں شرکت کی دعوت

ملاقات میں چیئرمین سروس لانگ مارچ ٹائرز گروپ نے وزیرِ اعظم کو آگاہ کیا کہ کمپنی پاکستان میں 300 ارب روپے کی مزید سرمایہ کاری کرنے جارہی ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سرمایہ کاری کے بعد 2025 میں کمپنی پاکستان سے 100 ملین ڈالر کے ٹائر برآمد کرسکے گی اور اس سرمایہ کاری سے پاکستان میں تقریباً ایک ہزار روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔

چیئرمین سروس لانگ مارچ ٹائرز گروپ نے وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں حکومت کی سرمایہ کاری و کاروبار دوست پالیسیوں پر خراج تحسین پیش کیا، اس کے علاوہ ملاقات کے دوران چیئرمین سروس لانگ مارچ ٹائرز گروپ نے ٹائرز کی سمگلنگ کے سدباب کیلئے حکومتی اقدامات پر وزیر اعظم  کا شکریہ ادا کیا۔

وزیرِ اعظم نے سروس لانگ مارچ ٹائرز کے پاکستان میں اپنے آپریشنز کو وسعت دینے کے اقدام کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں سرمایہ کاری کے اضافے کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے، پاکستان میں کاروباری برادری اور سرمایہ کاروں کو مزید سہولت فراہم کرنے کیلئے لائحہ عمل مرتب کیا جا رہا ہے۔