26سے 31مئی گرج چمک کیساتھ بارشیں،اہم پیش گوئی سامنے آ گئی 

May 22, 2026 | 19:33:PM
26سے 31مئی گرج چمک کیساتھ بارشیں،اہم پیش گوئی سامنے آ گئی 
کیپشن: بارش، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(روزینہ علی)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) نے  26 سے 31 مئی تک ملک بھر میں متوقع موسمی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری  کردیا۔

ترجمان کے مطابق شمالی علاقہ جات میں بڑھتے ہوئے درجہ حرارت اور تیزی سے پگھلتے گلشئیرز کے باعث خطرات میں اضافہ ہو گیا،شمالی علاقہ جات میں گلیشائی جھیلوں کے پھٹنے، لینڈ سلائیڈنگ اورندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔بارش، سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے پیش نظر رابطہ سڑکوں کی بندش کا بھی خطرہ موجود ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہناتھا کہ خیبرپختونخوا میں 26 سے 31مئی کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر ژالہ باری متوقع ہے۔چترال، دیر، منگورہ، ہنگو، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور اور پاراچنار میں بارش متوقع ہے۔

گلگت بلتستان میں 26 سے 31 مئی کے دوران گلگت،سکردو، ہنزہ، استور، نیلم ویلی، مظفرآباد، باغ، کوٹلی اور بھمبر میں گرج چمک کے ساتھ بارش اورچند مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔

پنجاب کے مختلف اضلاع میں 28سے 31 مئی کو گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔راولپنڈی، اسلام آباد، مری، اٹک، چکوال، جہلم، لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ،ساہیوال، اوکاڑہ، فیصل آباد، قصور، بہالپور بہاولنگر اور ملتان میں بارش کا امکان ہے۔

بلوچستان میں 30 سے 31 مئی کے دوران کوئٹہ، ژوب، زیارت، چمن، خضدار اور تربت میں بارش متوقع، چند مقامات پر ژالہ باری کا بھی امکان   ہے۔

سندھ میں 30اور31مئی کوٹھٹھہ، بدین،مٹھی، حیدرآباد اور کراچی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ممکنہ بارش اور بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اورآزاد کشمیرکے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا۔ ہنزہ، نگر، گلگت، چلاس، استور، شگر، چترال، کالام، اپر کوہستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے  شمشال ویلی، عطاآباد جھیل، کریم آباد، گل میت، ششکت بالا اور پاسو کے درمیان رابطہ سڑکیں حساس قراردے دیں۔ شگر ویلی روڈ، اسکردو روڈ، دیوسائی روڈ اور قراقرم ہائی وے پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث راستے بند ہونے کا خدشہ ہے۔ ممکنہ طور پر متاثر ہ شاہراہوں میں قراقرم ہائی وے، ناران روڈ اور جگلوٹ،سکردو روڈشامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق  کالام، اوشو، کندول، ارنگ کیل، داسو، پٹن اور چترال ویلی کے پہاڑی مقامات پر سفر ی سرگرمیاں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

شمالی علاقہ جات میں درجہ حرارت میں اضافے اور بارش کے باعث گلیشئرز تیزی سے پگھل رہے ہیں۔تیز ی سے پگھلتے گلیشئرز کے باعث مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ کا باعث بن رہے ہیں۔درکوٹ، لاشت، اشکومن، پنڈورو، ریشن، بونی، بدسوات، شسپر، گلکن، ہنارچی، روشن اور کمراٹ کے علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ہنزہ، غزر، دیامیر، استور، گھانچے، شگر، کھرمنگ، وادی نیلم، باغ،سدھنوتی چترال، دیر، سوات اور کوہستان کے علاقوں میں بھی سیلاب صورتحال کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو حساس شاہراہوں اور پہاڑی علاقوں میں الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی۔سیاح اور مسافر شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال ضرور چیک کریں۔