نیب کی استدعا مسترد ، خواجہ آصف جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

Jan 22, 2021 | 12:46:PM
نیب کی استدعا مسترد ، خواجہ آصف جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)احتساب عدالت نے قومی احتساب بیورو(نیب )کی خواجہ آصف کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کر تے ہوئے لیگی رہنما کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔

 لاہور کی احتساب عدالت  میں آمدن سے زائد اثاثوں کے کیس  سے متعلق سماعت ہوئی۔لیگی رہنما  خواجہ آصف کوجسمانی ریمانڈ ختم ہونے پر  جج جواد الحسن کے روبرو پیش کیا گیا، اس موقع پر لیگی کارکن بھی عدالت میں موجود تھے۔نیب کی جانب سے خواجہ آصف کے مزید 15 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی اور موقف اپنایا گیا کہ  آمدن سے زائد اثاثوں کی تحقیقات مکمل کرنی ہیں۔

نیب کے تفتیشی افسر نے عدالت کو بتایا کہ خواجہ سلطان نے 2 کروڑ روپے خواجہ آصف کے اکاؤنٹ میں جمع کروائے، جبکہ خواجہ سلطان نے بیان دیا ہے کہ مجھے یہ پیسے خواجہ آصف نے ہی دئیے، رانا وحید نے3 کروڑ روپے اکاؤنٹ میں ڈالے اور کہا کہ یہ خواجہ آصف نے دئیے،2 کروڑ 80 لاکھ کی ایک اور ٹرانزیکشن ہوئی۔

نیب پراسکیوٹر نے کہا کہخواجہ آصف نے بیرون ملک ایک ریسٹورنٹ بھی بنا رکھا ہے، نیب پراسکیوٹر نے کہا کہ خواجہ آصف کاکہنا ہے تنخواہ اور ریسٹورنٹ کی آمدنی 136 ملین ہے، ان کے ذاتی اکاؤنٹس میں بھی کروڑوں روپےجمع ہوئے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ میں نے لکھ کر دیا کہ تصدیق کرتا ہوں کہ یہ رقم مجھے آئی، نیب پراسکیوشن نے کہا کہ 18 کروڑ کی رقم خواجہ آصف کے اکاؤنٹ میں آئی اور خواجہ آصف نے بتایا کہ یہ رقم پلاٹ فروخت کرکے آئی ہے جبکہ 100 ملین کی ٹرانزیکشن 2009 ء میں بیرون ملک سے آتی ہے۔

خواجہ آصف کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ خواجہ آصف کے بیرون ملک ملازمت سےمتعلق کلیئرکر چکی ہے۔ نیب تفتیش مکمل کر چکا ہے سارا ریکارڈ پہلے ہی نیب کے پاس ہے۔

وکیل خواجہ آصف نے بتایا کہ عثمان ڈار نے خواجہ آصف کے کاغذات نامزدگی کو چیلنج کیا تھا،کیس سپریم کورٹ تک گیا اور سپریم کورٹ نے خواجہ آصف کو کلیئر کیا،خواجہ آصف تسلیم کرتے ہیں کہ وہ بیرون ملک کمپنی میں ملازم تھے۔

خواجہ آصف کے وکیل نے عدالت میں کہا کہ نیب والے لکھ کردیں انہوں نے خواجہ آصف سے اب کیا تحقیقات کرنی ہیں۔اس پر عدالت نے نیب کی جانب سے خواجہ آصف کے مزید 15 روز کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔بعدازاں عدالت ے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے نیب کی جانب سے مزید ریمانڈ کی استدعا کو مسترد کردیا اور خواجہ آصف کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم دے دیا۔