چکوال: موٹروے پولیس کی کارروائی ، فیصل آباد سے اغوا ہونیوالا تاجر بازیاب کروا لیا گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
(محسن جعفری )چکوال پولیس اور موٹر وے پولیس کی مشترکہ کارروائی کے نتیجے میں فیصل آباد سے اغوا ہونے والا تاجر بلکسر انٹرچینج کے قریب سے بازیاب کروا لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پانچ نامعلوم افراد نے خود کو حساس ادارے کا ملازم ظاہر کرتے ہوئے تاجر کو اپنے ساتھ گاڑی میں بیٹھنے پر مجبور کیا۔
مغوی تاجر کا کہنا ہے کہ اغوا کاروں نے اسے تھانے لے جانے کا کہہ کر گاڑی میں بٹھایا۔
بتایا جاتا ہے کہ تاجر غلط منڈی میں آڑھت کے کاروبار سے وابستہ ہے اور اغوا کاروں نے مبینہ طور پر تاوان کی غرض سے اسے اغوا کیا۔
چکوال پولیس کو ملنے والی ایک دستاویز کے مطابق نامعلوم اغوا کاروں میں سے ایک کا تعلق پنڈ دادنخان سے بتایا جا رہا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس نے اغوا کاروں کو بلکسر انٹرچینج اور نیلہ انٹرچینج کے درمیان روکنے کی کوشش کی۔
مزید پڑھیں: موٹرویز پر شدید رش کے حوالے سے خصوصی حکمت عملی تیار
تاہم ملزمان مغوی تاجر اور دو گاڑیاں چھوڑ کر موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
تھانہ نیلہ پولیس کے علاقہ میں مساجد کے ذریعے اعلانات کیے گئے ہیں جن میں شہریوں سے محفوظ رہنے اور کسی بھی مشکوک شخص کی فوری اطلاع دینے کی اپیل کی گئی ہے۔
مزید برآں تھانہ صدر چکوال پولیس، تھانہ نیلہ پولیس، ایلیٹ فورس اور ریزرو فورس پر مشتمل دستے مختلف مقامات پر سرچ آپریشن اور ناکہ بندی میں مصروف ہیں جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔