بھارتی گاؤں میں 78 سال بعد بجلی فراہم، دیہاتیوں کا آتش بازی اور نعروں کے ساتھ جشن
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) بھارت خود کو تیزی سے ترقی کرنے والا ملک قرار دیتا ہے لیکن حیرت انگیز طور پر ایسا بھارتی گاؤں بھی ہے جہاں آزادی کے 78 سال بعد اب پہلی بار بجلی فراہم کی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست مہاراشٹرا کے ضلع تھانے کی تحصیل شاہاپور کے گاؤں واراسوادی میں آزادی کے بعد پہلی بار بجلی پہنچا دی گئی۔
تقریباً 78 سال کے اندھیرے کے بعد گھروں میں روشنی ہوئی تو گاؤں کے لوگوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
مہاراشٹرا سٹیٹ الیکٹرسٹی ڈسٹری بیوشن کمپنی لمیٹڈ کے مطابق گاؤں کے 15 گھروں میں بجلی فراہم کی گئی ہے، جہاں تقریباً 60 سے 80 افراد رہائش پذیر ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ایک نیا 63 کے وی اے ٹرانسفارمر اور 67 کھمبے نصب کیے گئے ہیں جن پر 50 لاکھ بھارتی روپے سے زائد لاگت آئی۔
اس کے ذریعے گھروں اور سٹریٹ لائٹس تک بجلی پہنچا دی گئی ہے۔
مزید پڑھیں:نیدر لینڈ کی رکن پارلیمنٹ کا دلچسپ انداز میں فلسطین سے اظہار یکجہتی
حکام کے مطابق اس منصوبے کی منظوری 2 سال قبل دی گئی تھی۔
اس گاؤں کا جنگلاتی علاقے میں ہونے کی وجہ سے متعدد محکموں، خصوصاً محکمہ جنگلات سے اجازت لینا ضروری تھا۔
مزید یہ کہ سڑکیں نہ ہونے کی وجہ سے کھمبے اور ٹرانسفارمر لے جانا انتہائی مشکل مرحلہ تھا۔
حکام کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے اس گاؤں میں بجلی پہنچانا ایک بڑا چیلنج تھا۔
اب مقامی لوگوں کی مدد سے یہ کام مکمل کیا گیا اور آخرکار گاؤں کے گھروں کا اندھیرا دور ہو گیا۔
ایک مقامی شخص نے بجلی آنے کے بعد خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 'ہمارا اندھیرا 78 سال بعد ختم ہو گیا ہے۔
اب ہم بھی دوسروں کی طرح دیوالی روشنیوں کے ساتھ منا سکیں گے۔
جب گاؤں کے گھروں میں پہلی بار روشنی ہوئی تو اس تاریخی موقع پر گاؤں کے رہائشیوں نے آتشبازی کی اور نعروں کے ساتھ جشن منایا۔