ایشیا کپ سپر 4 مرحلہ: ہینڈ شیک تنازع کے بعد ایک بار پھر پاک بھارت ٹیمیں آج ٹکرائیں گی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24نیوز)پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج ایشیاکپ کے سپر فور مرحلے میں ٹکرائیں گی۔
ایشیا کپ سپر فور مرحلے کا دوسرا میچ آج پاکستان اور بھارت کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا ، اینڈی پائی کرافٹ ہی میچ ریفری ہوں گے۔
ہفتے کو گرین شرٹس نے آئی سی سی کرکٹ اکیڈمی میں 3 گھنٹے کی بھرپور پریکٹس کی جبکہ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کھلاڑیوں سے ملاقات کرتے ہوئے پلیئرز کا حوصلہ بڑھایا ، توقع ظاہر کی کہ ٹیم اچھی کارکردگی پیش کرے گی۔
پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ آج شام ساڑھے 7 بجے شروع ہوگا۔
بھارت کیخلاف سپر فور مرحلے کے میچ کیلئے پاکستان کے ممکنہ 11 کھلاڑیوں کے نام سامنے آگئے
دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں 6 دن پہلے بھارت کے خلاف ایشیا کپ میں 7 وکٹ سے ہارنے والی ٹیم پاکستان میں 2 کھلاڑی جو گروپ میچ کھیلے تھے، آج ٹیم پاکستان کا حصہ نہیں ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:ایشیا کپ 2025: وسیم اکرم کا شاہین شاہ آفریدی کو میچ سے قبل اہم مشورہ
پاکستان کی ٹیم مینجمنٹ نے بھارت کے خلاف سپر فور مرحلے کے پہلے میچ کے لیے 12 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا ہے، تاہم یواے ای کے خلاف میچ میں فہیم اشرف کی جگہ ٹیم میں شامل کیے جانے والے خوشدل شاہ کی حتمی ٹیم میں شمولیت کا امکان بہت کم ہے۔
ذرائع کے مطابق جارح مزاج مڈل آرڈر بلے باز حسن نواز اور بائیں ہاتھ کے اسپنر سفیان مقیم پاکستان کی پلیئنگ الیون کا حصہ نہیں ہوں گے۔
کوچ مائیک ہیسن اور کپتان سلمان علی آغا نے بھارتی بیٹنگ کو اس بار اسپن بولنگ کے برعکس فاسٹ بولنگ سے قابو کرنے کی حکمت عملی وضع کی ہے۔
اطلاعات کے مطابق بھارت کے خلاف پاکستان کے گیارہ کھلاڑی یہ ہوں گے۔
قومی ٹیم صائم ایوب، صاحبزادہ فرحان، فخر زمان، فہیم اشرف، سلمان علی آغا، محمد نواز، حسین طلعت، محمد حارث (وکٹ کیپر)، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور ابرار احمد پر مشتمل ہو گی۔