تیز ہواؤں کیساتھ بارش اور ژالہ باری؛محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کردی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک)محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، پنجاب ، کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف اضلاع میں بارش ہونے کا امکان ہے،بیشتر علاقوں میں گرمی کی شدت برقرار رہے گی، تاہم کئی شہروں میں آندھی، گرج چمک اور بارش کا امکان بھی موجود ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی اور مری میں بھی بارش کا امکان ہے،اس کے علاوہ دیر، سوات، مالم جبہ، کوہستان اور باجوڑ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات نے کالام، چترال، بونیر، کوہاٹ، ایبٹ آباد اور پشاور میں آندھی اور بارش کا امکان ظاہر کیا ہے،اس کے علاوہ صوابی، مردان، مالاکنڈ، پارا چنار، کرم اور بنوں میںگرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ڈی آئی خان، لکی مروت، کرک اور وزیرستان میں آندھی اور بارش کا امکان ہے، پشاور میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ موسم گرم رہنے کی توقع ہے، شہر کا درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھ سکتا ہے جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 29 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بھارتی آبی جارحیت ؛دریائے چناب میں پانی چھوڑ دیا،الرٹ جاری
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ شب خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی، سب سے زیادہ 20 ملی میٹر بارش اپر دیر میں ہوئی جبکہ میرکھانی میں 17 ملی میٹر، کالام میں 16 ملی میٹر، دروش میں 13 ملی میٹر، میں 12 ملی میٹر اور پٹن میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
لاہورکے کچھ علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہوگیااور گرمی کی شدت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر میں بارش کے امکانات نہیں اور دن بھر موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے اعداد و شمار کے مطابق شہر کا موجودہ درجہ حرارت 34 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔
رپورٹ کے مطابق دن بھر 5 سے 26 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے جبکہ ہوا کی موجودہ رفتار 10 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی،فضا میں نمی کا تناسب 35 فیصد نوٹ کیا گیا ہے، جس کے باعث موسم نسبتاً خوشگوار محسوس کیا جا رہا ہے۔
جیکب آباد میں گرمی نے زور پکڑ لیا اورسورج آگ برسانے لگا ہے وہاں درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیاہے جبکہ 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے ،شدید دھوپ اور حبس کے باعث شہریوں کی مشکلات میں اضافہ ہو گیا ہے۔
جیکب آباد میں دوپہر کے وقت بازار اور سڑکیں سنسان ہونے لگی ہیں اور شہری گھروں تک محدود ہونے لگ ہیں، آئندہ دنوں میں مزید شدید گرمی کی پیشگوئی کے ساتھ ساتھ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔