ملکی معیشت جلد اپنے پاؤں پر کھڑی ہوگی،وزیر اعظم

 خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپکس کمیٹی کا تعارفی اجلاس،سول و عسکری قیادت  کی شرکت

Mar 21, 2024 | 12:20:PM
ملکی معیشت جلد اپنے پاؤں پر کھڑی ہوگی،وزیر اعظم
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(اویس کیانی)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملکی معیشت  جلد  اپنے  پاؤں پر کھڑی ہوگی اور ہم اپنے مقاصد کے حصول میں کامیاب ہوں گے، معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سب کا مل بیٹھنا خوش آئند اور وقت کی ضرورت ہے۔

تفصیلات کے مطابق خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) کی ایپکس کمیٹی کا تعارفی اجلاس اسلام آباد میں وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں وفاقی وزرا، چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ اور عسکری قیادت بھی شریک ہوئی۔ 

سابق نگران وزیراعظم سمیت سابق نگران کابینہ نے بھی اجلاس میں خصوصی شرکت کی، اجلاس میں نگران دور حکومت میں ایس آئی ایف سی کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی،اجلاس میں سول و عسکری قیادت نے شرکت کی، آرمی چیف جنرل عاصم منیر ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں خصوصی طور پر شریک  ہوئے جبکہ اجلاس میں سابق نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ اور نگران کابینہ بھی شریک  ہوئے۔

چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ مریم نواز، سرفراز بگٹی، مراد علی شاہ اور علی امین گنڈا پور اجلاس میں شریک ہیں جبکہ وفاقی وزراء بھی ایپکس کمیٹی اجلاس میں شریک ہیں،اجلاس میں ایس آئی ایف سی سے متعلق ارکان کو تفصیلی بریفنگ دی جا رہی ہے، اجلاس کے دوران ملک میں سرمایہ کاری سے متعلق امور کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے اجلاس کے شرکا کو آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے مذاکرات سے آگاہ کیا اور معیشت کی بحالی کیلئے معاشی ٹیم کا پلان بھی ایس آئی ایف سی کے سامنے رکھا،وزیر اعظم نےاجلاس  میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس پلیٹ فارم کا مقصد بیرون ملک سرمایہ کاروں کو سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنا ہے، آج کے اجلاس میں مخلتف سیاسی جماعتوں کے منتخب نمائندے اور عسکری قیادت موجود ہے، یہ اس بات کا واضح پیغام ہے کہ ملکی ترقی کیلئے ہم سب اکٹھے ہیں۔

شہباز شریف کا کنا تھا معیشت کو بہت بڑے چیلنجز درپیش ہیں، بہت جلد ملکی معیشت اپنے پاؤں پر کھڑی ہوگی اور ہم اپنے مقاصد میں کامیاب ہوں گے، ہمیں ہر میدان میں ریفارمز لانی ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں آنے والے وقت کے لیے ایس آئی ایف سی کے  اہداف بھی طے کیے گئے۔

 وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ایس آئی ایف سی ایک اہم پلیٹ فارم ہے جسے جاری رکھا جائے گا، ایس آئی ایف سی کی ایپکس کمیٹی نے نگران حکومت میں بھی مؤثر کام کیا ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معاشی ترقی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے یہ پلیٹ فارم بہت اہم ہے، ملک کو درپیش معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے سب کا مل بیٹھنا خوش آئند اور وقت کی ضرورت ہے،انہوں نے مزید کہا کہ عسکری قیادت نے اس پلیٹ فارم کی کامیابی اور غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں غیر معمولی کام کیا۔

دوسری جانب ایس آئی ایف سی ایپکس کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی بھی سامنے آ گئی،وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا  نے اجلاس کے شرکاء کو بڑی یقین دہانی کرادی۔ 

علی امین گنڈا پور  کا کہنا تھا کہ ہماری صوبائی حکومت ایس آئی ایف سی کے اس پلیٹ فارم کیلئے ہر وقت حاضر ہے ،ایس آئی ایف سی ملک کیلئے اہم ہے اور ہمارے صوبے کیلئے بھی ضروری ہے ، علی امین نے صوبوں کو فنڈز کی فراہمی کے طریق کار کو واضح کرنے کی بھی سفارش کی اس کے علاوہ  کے پی کی عوام کی ترقی کا معاملہ  اجلاس میں رکھا۔