پارٹی قیادت میں اختلافات نہیں، 5 اگست کو ہر صورت احتجاج ہوگا:شوکت یوسفزئی

Jul 21, 2025 | 21:09:PM
پارٹی قیادت میں اختلافات نہیں، 5 اگست کو ہر صورت احتجاج ہوگا:شوکت یوسفزئی
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما شوکت یوسف زئی نے پارٹی قیادت کے درمیان اختلافات کی تردید کرتے ہوئے احتجاجی پلان کی تیاری سے آگاہ کر دیا جبکہ مسلم لیگ ن نے پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کو غیر موثر قرار دے دیا۔

پروگرام "دستک" میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما شوکت یوسفزئی نے اعلان کیا کہ پی ٹی آئی 5 اگست کو ہر صورت احتجاج کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کے ہر ضلع میں احتجاج کی تیاری کی جا رہی ہے، تاہم یہ فیصلہ تاحال نہیں ہوسکا کہ مرکزی احتجاج کہاں ہوگا، شوکت یوسفزئی نے کہا کہ پنجاب میں بھی لوگ سڑکوں پر نکلیں گے اور پنجاب اور خیبرپختونخوا کے درمیان اختلافات کی خبرون کو محض سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے۔

ان کا خیبرپختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت پر عدم اعتماد کی تحریک لانے کے حوالے سے کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کا مینڈیٹ اتنا کمزور نہیں کہ صوبائی حکومت کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک لائی جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پی ٹی آئی کے بانی کا علی امین گنڈاپور پر مکمل اعتماد ہے، پروگرام کے دوسرے حصے میں مسلم لیگ ن کے رہنما قیصر احمد شیخ نے کہا کہ ملک کو موجودہ سیاسی بحران سے نکالنے کیلئے حکومت اور پی ٹی آئی کو مذاکرات کی میز پر بیٹھنا چاہئے۔

تاہم اُن کا کہنا تھا کہ ماضی کی طرح اس بار بھی پی ٹی آئی کا احتجاج موثر ثابت نہیں ہوگا اور یہ صرف سیاسی بھڑکوں کی حد تک محدود رہے گا۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوااسمبلی؛سینیٹ کی نشستوں پر کامیاب امیدواروں کااعلان