خیبرپختونخوااسمبلی؛سینیٹ کی نشستوں پر کامیاب امیدواروں کااعلان

Jul 21, 2025 | 18:37:PM
خیبرپختونخوااسمبلی؛سینیٹ کی نشستوں پر کامیاب امیدواروں کااعلان
کیپشن: کے پی کے اسمبلی، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)خیبرپختونخوااسمبلی میں سینیٹ کی نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا اعلان کردیا گیا۔

غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق خواتین کی نشست پر پی ٹی آئی کی روبینہ ناز 89 ووٹ لیکر کامیاب قرار پائیں،پیپلزپارٹی کی روبینہ خالد بھی کامیاب ہو گئیں۔ روبینہ خالد نے 52ووٹ حاصل کئے۔

جےیوآئی کے دلاور خان بھی ٹیکنوکریٹ کی نشست پر کامیاب ہو گئے ،دلاور خان کو 54 ووٹ پڑے جبکہ پی ٹی آئی کے اعظم سواتی بھی89 ووٹ لے کر ٹیکنوکریٹ کی نشست پر کامیاب ہو گئے۔

غیر حتمی غیر سرکاری ذرائع کے مطابق جنرل نشست پر پی ٹی آئی کے مراد سعید 26 ووٹ,فیصل جاوید 22 ووٹ،پیر نورالحق قادری 21ووٹ اور مرزا محمد آفریدی21ووٹ لے کر کامیاب ہو گئے۔

جنرل نشست پر جےیوآئی کے مولانا عطا الحق درویش 18,ن لیگ کے نیاز محمد18 اور پیپلزپارٹی کے طلحہ محمود17 ووٹ لے کر ایوان بالا پہنچ گئے۔

یاد رہے کہ خیبر پختونخوا میں سینیٹ کی سات جنرل، دو خواتین اور دو ٹیکنوکریٹس/علما کیلئے مختص نشستوں پر انتخاب ہوا ہے۔یہ نشستیں گزشتہ سال مارچ سے خالی پڑی تھیں کیونکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے سپیکر کے درمیان مخصوص نشستوں پر حلف کے تنازعے کے باعث ان پر انتخابات نہیں ہو سکے تھے۔

ایوانِ بالا کیلئے خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چھ اور اپوزیشن کے پانچ امیدوار میدان میں تھے۔جنرل نشستوں پر پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ امیدواروں میں مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا محمد آفریدی اور نورالحق قادری شامل تھے۔ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر اعظم سواتی اور خواتین کی نشست پر روبینہ ناز کو نامزد کیا گیا تھا۔

اپوزیشن کی جانب سے جنرل نشستوں کیلئے جمعیت علمائے اسلام کے عطاالحق، پاکستان پیپلز پارٹی کے محمد طلحہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے نیاز احمد امیدوارتھے، جبکہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر جے یو آئی کے دلاور خان اور خواتین کی نشست پر پیپلز پارٹی کی روبینہ خالد میدان میں تھے۔

آخری اطلاعات کے مطابق پی ٹی آئی کے ناراض اراکین میں سے وقاص اورکزئی، عرفان سلیم، ارشاد حسین اور عائشہ بانو انتخابی دوڑ سے الگ ہو چکے ہیں جبکہ خرم ذیشان اب بھی مقابلے میں شامل تھے۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب اسمبلی؛سینیٹ کی نشست پر حکومتی امیدوارحافظ عبدالکریم کامیاب، کتنے ووٹ لئے؟پی ٹی آئی دنگ رہ گئی