سخت سردی، شدید دھند اور سموگ، محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کر دیا

Jan 21, 2024 | 18:51:PM
سخت سردی، شدید دھند اور سموگ، محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کر دیا
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(روزینہ علی) محکمہ موسمیات نے ملک کے بیشتر علاقوں میں سخت سردی، شدید دھند اور سموگ چھائے رہنے کی پیش گوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج رات ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقوں اورشمالی بلوچستان میں شدید سرد رہے گا، تاہم اسلام آباد، پنجاب ، خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں شدید دھند اور سموگ چھائے رہے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق صبح (پیر) کے روز اسلام آباد اور گر دو نواح میں موسم سرد اور خشک جبکہ بعداز دوپہر مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، تا ہم صبح اور رات کے اوقات میں دھند چھائے رہے گی۔

یہ بھی پڑھیں: این اے 149کا الیکشن، جہانگیر ترین نے جاوید ہاشمی کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی

صوبہ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلودرہے گا جبکہ چارسدہ ، مردان،نوشہرہ ، صوابی ، پشاور، لکی مروت، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور گردونواح میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید دھند چھائے رہنے کا امکان ہے۔

صوبہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ مری، گلیات اور گر دو نواح میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، تاہم بہا ولپور، ساہیوال، اوکاڑہ، قصور، لاہور ، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، راولپنڈی، اٹک، جہلم، منگلا، فیصل آباد، جھنگ، سرگودھا، منڈی بہاؤالدین، ٹوبہ ٹیک سنگھ، خانیوال، ملتان، خان پور، رحیم یار خان، حافظ آباد، بھکر، لیہ، ڈیرہ غا زی خان اور گر دو نواح میں شدید دھند اور سموگ چھائے رہے گی جس کے باعث صوبے کے بیشتر اضلاع میں دن کے درجہ حرات معمول سے کم رہیں گے۔

صوبہ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گا، اسی طرح ہی صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم جیکب آباد، حیدرآباد، موہنجوداڑو، سکھر، لاڑکانہ، دادو، گھوٹکی، خیر پور، کشمور اور پڈعیدن میں دھند اور سموگ چھائے رہنے کا امکان ہے، کشمیر اور گلگت بلتستان میں موسم شدید سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔

آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت:

آج ریکارڈ کیے گئے کم سے کم درجہ حرارت میں لہہ منفی 12 ڈگری سینٹی گریڈ کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے جبکہ سکردو منفی 09، گلگت ، استور، کالام منفی 06 اور سری نگر میں منفی 05 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کا انتباہ :

محکمہ موسمیات نے انتباہ جاری کیا ہے کہ آئندہ چندروز کے دوران پنجاب، خیبرپختونخوا اور بالائی سندھ کے میدانی علاقے اور اسلام آباد شدید دھندکی لپیٹ میں رہیں گے، شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی جاتی ہے، شدید دھند کے باعث پنجاب کے بیشتر علاقوں میں دن کے درجہ حرارت معمول سے کم رہیں گے۔