ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری، بلوچستان میں خشک سالی کا خاتمہ

Dec 21, 2025 | 08:35:AM
ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری، بلوچستان میں خشک سالی کا خاتمہ
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

( ویب ڈیسک )ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔  بلوچستان میں طویل انتظارکے بعد ابررحمت برس پڑا، جس سے خشک سالی ختم ہو گئی ۔ 

 تفصیلات کے مطابق ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ  ہو گیا ،بلوچستان میں موسم تیز ہواؤں سے بارش سے خشک سالی کا خاتمہ ہو گیا ،چمن شہر، قلعہ عبداللہ، توبہ اچکزئی میں تیز ہوا کے ساتھ بارش سے کئی علاقوں میں بجلی کےکھمبے، دیواریں گر گئیں اور درخت اکھڑ گئے۔

سرگودھا میں بوندا باندی سے  موسم سرد ہو گیا ،کوئٹہ اور اس کے گردونواح میں صبح کے وقت ہلکی بارش ہوئی جس سے موسم خوشگوار مگر سرد ہو گیا۔ اسی طرح چمن، پنجگور، قلات، لورالائی، خاران اور قلعہ سیف اللہ میں بھی بارش کے بعد درجہ حرارت میں کمی محسوس کی گئی اور سرد ہوائیں چلنے لگیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج سے شمالی زیارت اور اس کے اطراف میں مزید بارش کا امکان ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی ہو سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس موسمی صورتحال کے باعث آئندہ چند دنوں میں سردی کی شدت مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

 یہ بھی پڑھیں:  شدید دھند کا راج، کئی مقامات پر موٹرویز ٹریفک کیلئے بند

دوسری جانب خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی موسم نے کروٹ لے لی ہے۔ وادی سوات کے مختلف سیاحتی مقامات مہوڈنڈ، کالام، مالم جبہ اور گبین جبہ میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث میدانی علاقے شدید سردی کی لپیٹ میں آ گئے ہیں۔ برفباری کے مناظر دیکھنے اور سنو فال سے لطف اندوز ہونے کے لیے ملک کے مختلف حصوں سے سیاح بڑی تعداد میں وادی سوات پہنچ رہے ہیں۔

ادھر راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں بھی بارش ہوئی، بعض مقامات پر ہلکی جبکہ کہیں تیز بارش ریکارڈ کی گئی جس سے موسم مزید سرد ہو گیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ بھی بارش برسنے کی پیش گوئی کی ہے۔

خیبر پختونخوا کے ضلع ہری پور میں طویل خشک سالی کے بعد بارش کا آغاز ہوا ہے۔ ہری پور، تحصیل خانپور اور غازی میں بارش ہونے سے موسم خوشگوار ہو گیا جبکہ کسانوں کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے کیونکہ بارش کو فصلوں کے لیے فائدہ مند قرار دیا جا رہا ہے۔

اسی طرح ایبٹ آباد شہر اور اس کے گردونواح میں بھی ہلکی بارش شروع ہو گئی ہے جس کے نتیجے میں سردی کی شدت میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ مجموعی طور پر ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری نے موسم کو سرد کر دیا ہے اور شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا جا رہا ہے۔