وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ ، متاثرین میں امدادی چیک تقسیم

Aug 20, 2025 | 12:13:PM
وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کا سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ ، متاثرین میں امدادی چیک تقسیم
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر نے خیبر پختونخوا کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا۔ 

وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سب سے پہلے سوات پہنچے جہاں وفاقی وزیر امیرمقام نے ان کا استقبال کیا ، وزیراعظم نے بونیر اور شانگلہ کے متاثرہ علاقوں میں سیلابی صورتحال اور نقصانات کا فضائی جائزہ لیا۔

وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سوات کے بعد بونیر گئے جہاں انہوں نے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا ، وزیراعظم نے بونیر میں متاثرین سے ملاقات  کی اور امدادی چیک تقسیم کیے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر  کو متعلقہ حکام نے سوات، بونیر، شانگلہ اور صوابی میں امدادی کاموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ 

وزیراعظم شہبازشریف نے متاثرین سیلاب کو ہر ممکن مدد کا یقین دلایا اور فوج اور سول انتظامیہ کی خدمات کو سراہا، متعلقہ حکام کو متاثرہ علاقوں کی جلد بحالی کیلئے قومی وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم نے غیرقانونی تجاوزات، ٹمبر اور کرشنگ مافیا کی نشاندہی کی، کہا قانون سے بالاتر کوئی نہیں، سخت کارروائی ہوگی، وزیراعظم اور آرمی چیف نے سیلاب سے جاں بحق افراد کیلئے فاتحہ خوانی کی۔

فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نے سیلاب و طوفانی بارشوں کے متاثرین کی مدد کے لئے پاک فوج کے جوانوں کی بے لوث خدمات کو سراہا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ سیلاب سے متاثرہ بونیر کے دورے کے دوران متاثرین سے خطاب کے دوران فیلڈ مارشل عاصم منیر نے فارمیشن کو ہدایت کی کہ ذمہ داری کو انتہائی لگن کے ساتھ انجام دیں، متاثرہ خاندانوں کی مشکلات کے ازالے میں کوئی کسر نہ چھوڑیں۔

جنرل عاصم منیر کا اپنے خطاب میں مزید کہنا تھا کہ شہریوں کی حفاظت اور ریلیف فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔

خیال رہے کہ خیبر پختونخوا میں حالیہ بارشوں اور سیلاب سے اب تک 350 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے ہیں جن میں 228 کا تعلق بونیر سے ہے۔

دوسری جانب این ڈی ایم اے کی جانب سے خیبر پختونخوا کے سیلاب متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی سامان کی ترسیل جاری ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور چین اہم شراکت دار، تعلقات مزید مضبوط بنائیں گے: چینی وزارت خارجہ

 این ڈی ایم اے کے مطابق باجوڑ اور مانسہرہ کے لیے دو الگ الگ امدادی کھیپیں روانہ کی گئیں جن میں خیمے،کمبل، جنریٹر، ڈی واٹرنگ پمپس، راشن بیگز اور ادویات شامل ہیں۔ 

این ڈی ایم اے مطابق امدادی سامان سیلاب متاثرین میں تقسیم کے لیے متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے حوالے کیا جائے گا، این ڈی ایم اے، مسلح افواج اور فلاحی اداروں کے تعاون سے کے پی اورگلگت بلتستان کے لیے امدادی سامان روانہ کر رہا ہے۔