جب تک مطمئن نہیں ہوں گے یہاں بیٹھے رہیں گے،وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

May 19, 2026 | 20:57:PM
جب تک مطمئن نہیں ہوں گے یہاں بیٹھے رہیں گے،وزیراعلیٰ سہیل آفریدی
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ارشاد قریشی) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ جب تک مطمئن نہیں ہوں گے یہاں بیٹھے رہیں گے،بانی پی ٹی آئی عمران خان  کی صحت پر پوری قوم تشویش میں مبتلا ہے،روڈ بند رہے تو مزید سخت لائحہ عمل اختیار کریں گے۔ 
 چونگی نمبر 26 پر میڈیا سے گفتگووزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ ہم بانی پی ٹی آئی سے اظہارِ یکجہتی کیلئے جا رہے تھے،کوئی احتجاج یا جلسہ نہیں تھا،وفاقی حکومت نے اسلام آباد میں کنٹینرز لگا کر سڑکیں بند کر دیں، ایک صوبے کے چیف ایگزیکٹو کو سڑکوں پر روکنا فیڈریشن کیلئے لمحۂ فکریہ ہے،اسلام آباد میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا اور کابینہ کا راستہ روکنا افسوسناک ہے۔ 

ان کا کہنا تھا کہ  کبھی گیس بند، کبھی گندم بند، کبھی ہوٹل بند کر دیے جاتے ہیں،گیس پیدا کرنے والے صوبے کا پہلا حق آئین میں لکھا ہے، پنجاب حکومت نے خیبرپختونخوا کیلئے گندم کی ترسیل بند کر رکھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی ایک آنکھ 25 فیصد متاثر ہو چکی ہے،بانی پی ٹی آئی کو ذاتی ڈاکٹروں کی نگرانی میں اسپتال منتقل کیا جائے،اگر حکومت کچھ نہیں چھپا رہی تو اہلخانہ کو ملاقات کی اجازت دے،بانی پی ٹی آئی کی بہنوں اور ذاتی ڈاکٹروں کو ملنے دیا جائے،مطالبات تسلیم ہوئے تو فوری واپس چلے جائیں گے،روڈ بند رہےتو مزید سخت لائحہ عمل اختیار کریں گے،آج ملاقات نہ ہونے پر پارلیمنٹیرین چونگی نمبر 26 پہنچ رہے ہیں۔ 

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ  بانی پی ٹی آئی حق اور سچ پر ہیں، سائفر معاملے پر مؤقف درست ثابت ہوا،بیرونی سازش اور اندرونی عناصر نے بانی پی ٹی آئی کی حکومت گرائی،ہمیں خودمختار پاکستان چاہیے، کسی کے اشاروں پر نہیں چل سکتے، آئین ہر شہری کو آزادی اظہار اور جلسے کی اجازت دیتا ہے۔

 حکومت عوامی مسائل پر ٹس سے مس نہیں ہو رہی، قرضے، مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کو پریشان کر رکھا ہے،،پنجاب میں پی ٹی آئی کا جھنڈا اٹھانے پر گرفتاریاں ہوتی ہیں،آئینی ترامیم کے ذریعے اداروں کو مفلوج کیا جا رہا ہے۔ 

پی ٹی آئی رہنماؤں کا مطالبہ بانی پی ٹی آئی کا علاج اور ملاقات کی اجازت ہے،جب تک مطمئن نہیں ہوں گے یہاں بیٹھے رہیں گے۔

خیال رہے کہ  چونگی نمبر 26 پر پی ٹی آئی کارکنان اور رہنماؤں کی موجودگی برقرار ہے،راولپنڈی میں پی ٹی آئی کا احتجاج چونگی نمبر 26 پر جاری ہے۔ 

یہ بھی پڑھیں :  سعودی فرمانرواشاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر صدارت اجلاس،عازمین حج کیلئےفراہم کردہ سہولیات کا جائزہ