پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، وزیراعلیٰ پنجاب کاٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کروانے کا حکم

Jun 19, 2026 | 20:06:PM
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، وزیراعلیٰ پنجاب کاٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کروانے کا حکم
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(راؤ دلشاد)  وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کا خیرمقدم  کرتے ہوئے پنجاب  میں ٹرانسپورٹ اورٹرکوں کے کرایوں میں کمی کے لئے فوری اقدامات  کرنے کاحکم دے دیا۔ 
وزیراعلی مریم نوازشریف نے مشکل صورتحال میں بھرپور ساتھ دینے پر عوام کا شکریہ ادا کیا  اور   پٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں کمی پر وزیراعظم محمد شہبازشریف اور ان کی ٹیم کوسراہا ۔

آج جمعہ کی شام اسلام آباد سے پٹرول اور دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم کرنے کے حکم نامے کے اجرا کے بعد پنجاب کی وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا،  وزیراعظم محمد شہبازشریف نے علاقائی صورتحال میں بہتری آنے پر پٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں کمی کا وعدہ پورا کیا-

مریم نوازشریف  نے کہا کہ  علاقہ کی صورتحال کی وجہ سے قوم کو انرجی بحران سے محفوظ رکھنا وزیراعظم  شہبازشریف کاتاریخی کارنامہ ہے-وزیراعظم محمد شہبازشریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیرنے مشکل وقت میں تاریخ ساز کاوشوں سے دنیاکو انرجی اور معاشی بحران سے بچایا-

مریم نوازشریف  نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں کمی کا بھر پور فائدہ عوام کو ہر صورت پہنچنا چاہیے- پٹرولیم مصنوعات کے نرخ میں کمی کے پیش نظر اشیائے خورد ونوش کے نرخ بھی نیچے آنے چاہیے-

مریم نوازشریف نے انتظامیہ کو حکم کیا کہ مقامی ٹرانسپورٹ، انتر سٹی ٹرانسپورٹ اور گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں حالیہ کمی کے تناسب سے فوری کمی کروانے کے لئے انتظام کیا جائے.

واضح رہے کہ ایران جنگ کے دوران انٹرنیشنل مارکیٹ میں  کروڈ آئل کی قیمت بڑھنے سے پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتین بڑھانا پریں تو ٹرانسپورٹروں نے ہر طرح کی ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھا دیئے تھے۔ حکومت نے عوام پر ٹرانسپورٹ کے کرائے بڑھنے کا بوجھ کم کرنے کے لئے  پنجاب میں تمام سرکاری ٹرانسپورٹ کے کرائے ہی ختم کر دیئے تھے۔ کئی ماہ سے لاہور اور دوسرے شہروں میں سرکاری ٹرانسپورٹ مفت سروس مہیا کر رہی تھی۔  تاہم بعد ازاں پبلک ٹرانسپورٹ کی مفت سہولت ختم کر کے نارمل کرائے بحال کر دیے گئے۔ 

پوٹر سائیکل مالکان کو ماہانہ سبسڈی

پٹرول کی قیمت کا عام آدمی پر منفی اثر روکنے کے لئے پنجاب کی ھکومت نے موٹر سائیکل استعمال کرنے والوں کو ماہانہ دو ہزار روپے فی کس سبسڈی دی۔

اس کے ساتھ ہی چیف منسٹر مریم نے  سامان کی ترسیل کا خرچ کم رکھنے کے لئے  گڈز ٹرانسپورٹ اور شہروں کے درمیان عوام کی سفر کی لاگت کم سے کم رکھنے کے لئے   پبلک ٹرانسپورٹ کو ماہانہ مالیاتی سبسڈی فراہم کی۔
حکومت کی جانب سے دی گئی سبسڈیز کی تفصیلات درج ذیل ہیں۔


مال بردار اور پبلک ٹرانسپورٹ سبسڈی
پبلک سروس بسیں: پبلک بس مالکان کو ماہانہ 1 لاکھ روپے سبسڈی دی گئی۔
بڑے ٹرک: بڑے مال بردار ٹرکس کے لیے 80 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی مقرر کی گئی۔
رجسٹرڈ گڈز ٹرانسپورٹ: رجسٹرڈ گڈز ٹرانسپورٹ کو 70 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی فراہم کی گئی۔

عوامی سفری سہولیات (عارضی پیکج)
ابتدائی طور پر عوام کے لیے میٹرو بس، سپیڈو اور اورنج لائن ٹرین پر مکمل مفت سفر کی سہولت فراہم کی گئی تھی۔
اس کے علاوہ عام مسافروں کو ریلیف دینے کے لیے ڈیزل اور پٹرول سے چلنے والی پبلک ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں اضافے کی حد مقرر کی گئی تھی۔ 

مستحقین کو براہ راست ریلیف فراہم کرنے کے اس ڈیجیٹل نظام سے متعلق تفصیلی جانچ پڑتال اور معلومات پنجاب حکومت پورٹل پر دیکھی جا سکتی ہیں۔ 

یہ بھی پڑھیں:  پیٹرول 74 , ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان