پیٹرول 74 , ڈیزل 67 ، مٹی کے تیل کی قیمت میں 48 روپے 29 پیسے فی لیٹر کمی

قیمت میں کمی کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 233 روپے 90 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے جبکہ اس سے قبل یہ 282 روپے 19 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا

Jun 19, 2026 | 17:54:PM
پیٹرول 74 , ڈیزل 67 ، مٹی کے تیل کی قیمت میں 48 روپے 29 پیسے فی لیٹر کمی
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24 نیوز ) وزیراعظم شہباز شریف  نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کر دیا، پیٹرول فی لیٹر 74 روپے، ڈیزل 67 اور مٹی کے تیل کی قیمت میں  48 روپے 29 پیسے فی لیٹر سستا ہو گیا ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا  کہ خطے میں معاشی صورتحال میں بہتری اور عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ فوری طور پر عوام تک منتقل کیا جا رہا ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کرنے جا رہی ہے، جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے فی لیٹر اور ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے فی لیٹر کمی کی جا رہی ہے۔ ان کے مطابق اس کمی کے بعد پیٹرول کی قیمت 373 روپے سے کم ہو کر 299 روپے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی قیمت 378 روپے سے کم ہو کر 311 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عوام کو درپیش مشکلات سے آگاہ ہے اور مشکل حالات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے پر عوام کی شکر گزار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے ترقیاتی بجٹ اور کفایت شعاری سے حاصل ہونے والی بچت میں سے 129 ارب روپے استعمال کرکے عوام کو ممکنہ حد تک ریلیف فراہم کیا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ خطے میں معاشی بحران کے دوران حکومت کی مؤثر منصوبہ بندی کے باعث ملک میں توانائی کا بحران پیدا نہیں ہوا اور نہ ہی پیٹرولیم مصنوعات کی قلت یا طویل قطاروں کی صورتحال سامنے آئی۔

یہ بھی پڑھیں:کوئٹہ :قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد پمپس بندہوگئے

وزیراعظم نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی من و عن عوام تک منتقل کی جا رہی ہے اور حکومت معاشی استحکام برقرار رکھنے اور مہنگائی میں مزید کمی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی۔

اپنے بیان میں وزیراعظم نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال کے حوالے سے پاکستان کے کردار کا بھی ذکر کیا اور مختلف حکومتی شخصیات و معاشی ٹیم کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت دیگر وفاقی وزرا کی  کاوشوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

دریں اثنا  پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد مٹی کے تیل کی قیمت بھی کم کر دی گئی ہے, آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق مٹی کے تیل کی قیمت میں 48 روپے 29 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔

قیمت میں کمی کے بعد مٹی کے تیل کی نئی قیمت 233 روپے 90 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل یہ 282 روپے 19 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا، اوگرا کے مطابق مٹی کے تیل کی نئی قیمتوں کا اطلاق فوری طور پر، آج سے کر دیا گیا ہے،حکام کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں یہ کمی عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں تبدیلی اور متعلقہ معاشی عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔

 پیٹرولیم ڈویژن نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلامیہ جاری کر دیا ہے، جس کے تحت عوام کو بڑے پیمانے پر ریلیف فراہم کیا گیا ہے، اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 74 روپے 28 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول کی نئی قیمت 299 روپے 50 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔

اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 67 روپے 31 پیسے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 311 روپے 47 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے، پیٹرولیم ڈویژن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12 بجے سے ہوگا، جس کے بعد ملک بھر میں پیٹرول اور ڈیزل مقررہ نئی نرخوں پر دستیاب ہوں گے۔

حکومت کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کے اثرات براہِ راست عوام تک منتقل کیے جا رہے ہیں تاکہ مہنگائی کے بوجھ میں کمی لائی جا سکے۔