ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے بجٹ کو متوازن قرار دیدیا، اپوزیشن کو مذاکرات کی دعوت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز)وفاقی وزیر ڈاکٹر فضل چودھری نے وفاقی بجٹ کو متوازن قرار دیتے ہوئے اپوزیشن جماعتوں کو مذاکرات کی دعوت دے دی۔
ڈاکٹر فضل چودھری نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن اور دیگر اراکین کی جانب سے پیش کی گئی تمام تجاویز کا ضرور جائزہ لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایک بہترین اور متوازن بجٹ پیش کیا ہے، جس کی تیاری میں معاشرے کے تمام طبقات اور مکاتب فکر کی ضروریات کو مدنظر رکھا گیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت نے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم سے کیا گیا وعدہ پورا کیا ہے۔
انہوں نے اپنی تقریر میں ایران اور امریکہ کے درمیان معاہدے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے اس عمل میں ثالثی کا کردار ادا کیا، جس پر پوری قوم مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے وزیراعظم، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور متعلقہ ٹیم کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے ایوان میں پیش آنے والے خوشگوار ماحول کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم دو مرتبہ اپنی نشست سے اُٹھ کر اپوزیشن لیڈر سے ملنے گئے، جبکہ بیرسٹر گوہر علی خان اور اسد قیصر بھی اس موقع پر موجود تھے، ان کے مطابق وزیراعظم نے اپوزیشن کو دوبارہ مذاکرات کی دعوت دی۔
ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاکستان روشن اور عظمت کے دن ضرور دیکھے گا، جبکہ اپوزیشن سے بھی اپیل کی کہ وہ ملک کی ترقی، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرے۔
یہ بھی پڑھیں : میرے بچوں نے دوبارہ زندگی میں آگے بڑھنے کا حوصلہ دیا،انجلیناجولی