چاند نظر نہیں آیا، یکم شعبان المعظم 21 جنوری بروز بدھ کو ہوگی

Jan 19, 2026 | 18:08:PM
چاند نظر نہیں آیا، یکم شعبان المعظم 21 جنوری بروز بدھ کو ہوگی
سورس: Google
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(عثمان خان)لاہور اور اسلام آباد سمیت ملک بھر میں کہیں سے بھی شعبان المعظم کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی،یکم  شعبان 21 جنوری بروز بدھ کو ہوگی۔شب برأت 3فروری کو ہو گی۔

تفصیلات کے مطابق ماہ شعبان المعظم۷۴۴۱؁ھ کا چانددیکھنے کیلئے چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس   ہوا۔مولانا سید عبد الخبیر آزاد نے زونل رؤیت ہلال کمیٹی کی صدارت کی ۔

اجلاس میں رابطہ کے فرائض ڈائریکٹروزارت مذہبی امورپاکستان حافظ عبدالقدوس، ڈاکٹر شاہد الرحمن مارتھ اورنصیرالدین نے کی ۔

فنی معاونت کے لیے محکمہ موسمیات سے ڈاکٹر حسن علی بیگ، محکمہ سپارکو سے شوکت اللہ خان اوروزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سے جوائنٹ سیکرٹری زین العابدین نے اپنی خدمات سر انجام دیں۔

اس کے علاوہ پاکستان بھر میں زونل رؤیت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ان کے متعلقہ ہیڈ کوارٹرزلاہور،کوئٹہ، پشاور،کراچی میں منعقد ہوئے۔

مولانا سید عبدالخبیرآزاد کاکہناتھا کہ آج پاکستان کے اکثر و بیشتر مقامات پر مطلع ابر آلود رہا اور کچھ مقامات پر مطلع صاف بھی رہا، پاکستان کے کسی بھی مقام سے ماہ شعبان المعظم کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی اور عدم رؤیت رہی۔

چیئرمین رویت ہلال کمیٹی نے کہاکہ لہذا اتفاق رائے سے فیصلہ کیا گیا کہ یکم شعبان المعظم ۷۴۴۱؁ھ21جنوری2026ء بروزبدھ کو ہوگی۔

مولانا سید عبدالخبیرآزاد نے دعا کراتے ہوئے کہاکہ اے اللہ ہمارے لیے رجب اور شعبان کے مہینوں میں برکت عطاء فرما اور ہمیں رمضان کے مہینے تک پہنچا دے،ماہ شعبان المعظم کی پندرہویں شب شب برأت بڑی خیرو برکت اور رحمت والی رات ہے،اللہ تعالیٰ ہم سب کو نصیب فرمائے۔

ان کاکہناتھا کہ پاکستان عالم اسلام کا قلعہ ہے،پاکستان کو اس وقت اتحاد و وحدت اور قومی یکجہتی کی اشد ضرورت ہے، اللہ تعالیٰ وطن عزیز پاکستان کو اتحاد و وحدت عطاء فرمائے،ملک پاکستان کو ہر اندرونی و بیرونی خطرات سے محفوظ فرمائے آمین۔

اجلاس کے آخر میں عالم اسلام کے اتحاد،حرمین شریفین کے تحفظ، ملک پاکستان کی سلامتی و استحکام‘ ترقی وخوشحالی،اتحادووحدت،مقبوضہ کشمیر اور غزہ و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی آزادی کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں :آئی فون 18 پرو کی پہلی جھلک سامنے آگئی