نواز شریف  آئندہ ہفتے آزاد کشمیر کا 2روزہ دورہ کریں گے

نواز شریف آزاد کشمیر کی پارٹی قیادت اور کارکنان سے اہم ملاقاتیں کریں گے،دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی نواز شریف کے ہمراہ ہوں گی، عام انتخابات کے لیے ٹکٹ کے درخواست دہندگان سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں

Feb 19, 2026 | 13:11:PM
 نواز شریف  آئندہ ہفتے آزاد کشمیر کا 2روزہ دورہ کریں گے
کیپشن: فائل فوٹو
سورس: گوگل
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف  آئندہ ہفتے آزاد کشمیر کا اہم دو روزہ دورہ کریں گے۔

ذرائع کے مطابق وہ 23 فروری کو مظفرآباد پہنچیں گے اور 24 فروری کو اپنے دورے کا اختتام کر کے واپس روانہ ہوں گے۔

دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی نواز شریف کے ہمراہ ہوں گی، نواز شریف آزاد کشمیر کی پارٹی قیادت اور کارکنان سے اہم ملاقاتیں کریں گے، جن میں صدر ن لیگ آزاد کشمیر شاہ غلام قادر اور پارلیمانی لیڈر راجہ فاروق حیدر خان سمیت دیگر پارٹی رہنماؤں سے ملاقات شامل ہے۔

دورے میں موجودہ سیاسی صورتحال، تنظیمی امور اور آئندہ انتخابات کی حکمت عملی پر پارٹی رہنماؤں سے مشاورت کی جائے گی، آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے لیے ٹکٹ کے درخواست دہندگان سے ملاقاتیں بھی متوقع ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:بھارت کوایک اور  دھچکا،بل گیٹس نے بڑا اعلان کر دیا

وفاقی وزیر امور کشمیر انجینیئر امیر مقام نے نواز شریف کے دورے کی تصدیق کر دی ہے، نواز شریف مظفرآباد میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر کی رہائش گاہ بھی جائیں گے۔

دورے کے دوران ن لیگ کی انتخابی تیاریوں کا باقاعدہ آغاز ہوگا اور پارٹی رہنماؤں کو آئندہ لائحہ عمل سے متعلق ہدایات جاری کی جائیں گی، آزاد کشمیر کے چند انتخابی حلقوں کے ٹکٹ بھی اس موقع پر فائنل کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق اس سے قبل میاں نواز شریف کا مظفرآباد دورہ شیڈول ہونے کے بعد ملتوی ہو چکا تھا۔