تمام ڈگری پروگرامز میں اے آئی کا مضمون متعارف کرانیکی ہدایت
Stay tuned with 24 News HD Android App
(ویب ڈیسک) ہائر ایجوکیشن کمیشن نے ملک بھر کی سرکاری و نجی جامعات کو تمام انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ ڈگری پروگرامز میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مشتمل تین کریڈٹ آورز کا لازمی کورس شامل کرنے کی ہدایت کردی۔
ایچ ای سی کی جانب سے یہ فیصلہ تیزی سے بدلتے ہوئے عالمی تعلیمی اور ٹیکنالوجی منظرنامے کے تناظر میں کیا گیا ہے جہاں اے آئی تعلیم، صحت، معیشت اور طرزِ حکمرانی سمیت مختلف شعبوں میں کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
جامعات کے سربراہان کو لکھے گئے خط میں ایچ ای سی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر نے کہاہے کہ اے آئی کی تعلیم محض اضافی سہولت نہیں بلکہ وقت کی اہم ضرورت بن چکی ہے،طلبہ کو ڈیجیٹل خواندگی،اخلاقی ذمہ داری، ڈیٹا پرائیویسی، شفافیت اور سماجی اثرات جیسے پہلوؤں کی عملی سمجھ دینا ناگزیر ہے تاکہ وہ عالمی معیار کے مطابق مہارتیں حاصل کر سکیں۔
خط میں واضح کیا گیا ہے کہ جامعات یہ کورس بطور اختیاری مضمون، بین الشعبہ جاتی کورس یا پروگرام کے اندر معاون مضمون کے طور پر پیش کر سکتی ہیں، نصاب میں اے آئی کے بنیادی تصورات، مختلف شعبوں میں اطلاق، اخلاقی تقاضے، انصاف اور احتساب کو شامل کرنا لازم ہوگا جبکہ جامعات کو پروگرام کی نوعیت کے مطابق مواد میں تخصیص کی اجازت دی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ایف بی آر نے تمام کاروباری ٹرانزیکشنز کی مانیٹرنگ کا فیصلہ کر لیا
ایچ ای سی کی جانب سے لکھے گئے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ یہ کورس تعلیمی سیشن خزاں 2026 سے تمام ڈگری پروگرامز میں نافذ کیا جائے گا۔