منشیات ڈیلر انمول پنکی کی گرفتاری سے متعلق مزید چشم کُشا انکشافات سامنے آ گئے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(24 نیوز) لاہور کے علاقے رائیونڈ روڈ سے نامور منشیات ڈیلر انمول پنکی کی گرفتاری کے معاملے میں سنسنی خیز تفصیلات اور نئے انکشافات سامنے آئے ہیں، تفتیشی اور پولیس ذرائع کے مطابق ملزمہ لاہور میں روپ بدل کر ایک ہائی پروفائل لائف اسٹائل گزار رہی تھی۔
پولیس ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق، ملزمہ انمول پنکی رائیونڈ روڈ کے قریب واقع خیابانِ ظفر سوسائٹی میں کرائے کے مکان میں مقیم تھی، گرفتاری سے بچنے کے لیے ملزمہ نے خود کو سرکاری افسر ظاہر کر رکھا تھا اور سوسائٹی میں کسی کو اس کی اصل شناخت کا علم نہیں تھا۔
ملزمہ نے اپنی سیکیورٹی اور رعب جمانے کے لیے کالے رنگ کے ویگو ڈالے پر جعلی سرکاری نمبر پلیٹ بھی لگا رکھی تھی،ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ آپریشن انتہائی خفیہ اور منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا، گرفتاری سے قبل کراچی پولیس کی خصوصی ٹیم نے کئی روز تک علاقے اور ملزمہ کے گھر کی ریکی (نگرانی) کی، جس کے بعد فائنل ایکشن لیا گیا۔
انمول پنکی کی گرفتاری 3 مئی کی رات تقریباً ڈیڑھ بجے عمل میں لائی گئی، گرفتاری کے لیے آنے والی ٹیم دو گاڑیوں پر سوار تھی، جس میں یونیفارم اور سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکار شامل تھے، چھاپے کے دوران گھر میں موجود دیگر افراد نے پولیس ٹیم کو دیکھ کر شدید مزاحمت کی کوشش کی، تاہم پولیس اور سیکیورٹی اداروں نے اس مزاحمت کو فوری طور پر ناکام بنا دیا، اس دوران سوسائٹی کے سیکیورٹی گارڈز بھی صورتحال کو دیکھنے کے لیے موقع پر پہنچ گئے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق، چھاپہ مار ٹیم نے سوسائٹی کے سیکیورٹی گارڈز کو فوری طور پر سرکاری کارروائی سے دور رہنے اور مداخلت سے باز رہنے کی سخت ہدایت کی، صرف ایک گرفتاری: پولیس ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے اس پورے آپریشن کے دوران صرف مطلوبہ ملزمہ انمول پنکی کو ہی گرفتار کیا اور اپنے ہمراہ لے گئے۔
ملزمہ کو منشیات اسمگلنگ اور دیگر مقدمات میں تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں مزید اہم انکشافات متوقع ہیں۔
یہ بھی پڑھیں :’’ سائیکو‘‘ کا ٹریلر جاری، بڑی عید پر ریلیز ہوگی