20 سے 25 جولائی کے دوران تیز آندھی کیساتھ موسلادھاربارشوں کی پیش گوئی
Stay tuned with 24 News HD Android App
(روزینہ علی) پروینشل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی(پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون بارشوں کے چوتھے سپیل کا الرٹ جاری کرتے ہوئے 20 سے 25 جولائی کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں تیز آندھی، گرد آلود ہواؤں اور بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، منڈی بہاوالدین،حافظ آباد گجرات، جہلم، گجرانوالہ میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کی پیشگوئی ہے،لاہور،فیصل آباد، سیالکوٹ، نارووال، ٹوبہ ٹیک سنگھ جھنگ سرگودھا اور میانوالی میں بارشوں کے امکانات ہیں،18 جولائی سے 23 جولائی تک جنوبی پنجاب ملتان ڈیرہ غازی خان بہاولپور اور بہاولنگر میں بھی بارش پیشگوئی ہے ۔
ڈی جی پی ڈی ایم اےعرفان علی کاٹھیا نےوزیر اعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کر دیا ہے جبکہ محکمہ صحت آبپاشی تعمیر و مواصلات لوکل گورنمنٹ اور لایئو سٹاک کو بھی الرٹ جاری کر دیاگیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہاہے کہ شہریوں سے التماس ہے کہ خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کر یں،آندھی و طوفان کی صورتحال میں محفوظ مقامات پر رہیں غیر ضروری سفر سے گریز کریں،شہری آسمانی بجلی سے تحفظ کیلئے محفوظ مقامات پر رہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ عوام الناس بجلی کی گرج چمک اور طوفانی صورتحال میں کھلے آسمان تلے ہرگز نہ جائیں،ایمرجنسی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کریں۔
یہ بھی پڑھیں: درآمدی کاٹن پر18فیصدسیلزٹیکس کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے،اپٹما کا وزیر خزانہ کو خط