سابق کمشنر راولپنڈی کا انتخابات سے ایک روز قبل کا ویڈیو بیان سامنے آگیا

Feb 18, 2024 | 17:33:PM
سابق کمشنر راولپنڈی کا انتخابات سے ایک روز قبل کا ویڈیو بیان سامنے آگیا
کیپشن: سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ، فائل فوٹو
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز)عام انتخابات میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کرنے والے سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ کا الیکشن سے قبل7 فروری کا ویڈیو بیان سامنے آ گیا۔

ویڈیو بیان میں سابق کمشنر راولپنڈی نے انتخابی سامان کی ترسیل، سکیورٹی اور دیگر انتظامات پر گفتگو کی تھی۔لیاقت علی چٹھہ اپنے بیان میں کہہ رہے ہیں کہ پورے ڈویژن میں الیکشن مٹیریل اور بیلٹ پیپرز پریزائیڈنگ افسران کے حوالے کئے جا رہے ہیں۔سامنے آنے والے ویڈیو بیان لیاقت علی چٹھہ کہہ رہے ہیں کہ پولیس اور آرمی کی تحویل میں الیکشن سامان پولنگ سٹیشنز تک پہنچایا جائے گا۔سابق کمشنر راولپنڈی ڈویژن کو ویڈیو میں کہتے سنا جا سکتا ہے کہ میں نے آر پی او کے ساتھ پورے ڈویژن کا دورہ کیا، ہر جگہ پولنگ مٹیریل اچھے طریقے سے پہنچایا جا رہا ہے۔ 

لیاقت علی چٹھہ یہ بھی کہہ رہے ہیں کہ راولپنڈی ڈویژن میں 13 قومی اور 26 صوبائی نشستوں پر انتخابات ہو رہے ہیں، 8 فروری کو پولنگ کے عمل کی ہر طرح سے نگرانی کی جائے گی اور حساس پولنگ اسٹیشنز پر اضافی سکیورٹی تعینات کر دی گئی ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے پنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کے دوران عام انتخابات میں سنگین دھاندلی کے الزامات میں ملوث ہونے کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو امیدوار 70، 80 ہزار ووٹوں سے جیت رہے تھے ہم نے انہیں ہروا دیا، ہم نے پاکستان کے ساتھ ظلم کیا۔لیاقت علی چٹھہ نے یہ الزام بھی عائد کیا تھا کہ الیکشن میں ہونے والی دھاندلی میں چیف الیکشن کمشنر، الیکشن کمیشن کا عملہ اور چیف جسٹس پاکستان بھی ملوث ہیں، میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دے رہا ہوں، دیگر لوگ بھی مستعفی ہو جائیں۔

یہ بھی پڑھیں: کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ معطل، نوٹیفکیشن جاری