فیفا ورلڈکپ، فرانس کو پنالٹی اسٹروک پر شکست، ارجنٹینا پھر عالمی چیمپئن بن گیا

Dec 18, 2022 | 23:03:PM
فیفا ورلڈکپ، فرانس کو پنالٹی اسٹروک پر شکست، ارجنٹینا پھر عالمی چیمپئن بن گیا
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

 (24نیوز)سنسی خیز مقابلے کے بعدفرانس کو پنالٹی اسٹروک پر شکست دے کر ارجنٹینا تیسری مرتبہ عالمی چیمپئن بن گیا، لیونل میسی اپنا آخری ورلڈ کپ یادگار بنا لیا، سنسنی خیز مقابلے کے بعد ارجنٹائن نے دفاعی چیمپئن فرانس کو 4 کے مقابلے میں 2 گول سے ہرا کر تیسری بار فٹبال ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیت لیا۔

قطر کے لوسیل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میگا ایونٹ کے ہائی وولٹیج میچ میں دفاعی چیمپئن فرانس اور 2 دفعہ کی فاتح ٹیم ارجنٹائن کے مابین اعصاب شکن مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کر کے ایک دوسرے پر دباؤ ڈالے رکھا۔

میچ کے 23 ویں منٹ میں ارجنٹائن کے تجربہ کار کھلاڑی لیونل میسی نے گیند کو جال میں پہنچا کر اپنی ٹیم کو ایک بار برتری دلائی، اس کے 13 منٹ بعد ہی ارجنٹائن کے کھلاڑی ڈی ماریا نے گول کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو مضبوط کر دیا، پہلے ہاف کے اختتام پر دفاعی چیمپئن کوئی گول نہ کر سکی۔

دوسرے ہاف کے دوران فرانس کی ٹیم 2 گول ہونے کی وجہ سے نفسیاتی دباؤ کا شکار رہی، ارجنٹائن نے 35 منٹ تک اپنا بھرپور دفاع کیا لیکن فرانس کے نوجوان فٹبالر کلیان امباپے نے 2 منٹ میں 2 گول کر کے میچ برابر کر دیا۔

میچ کا وقت ختم ہونے پر دونوں ٹیموں کو اضافی ٹائم دیا گیا جس کے دوران دونوں ٹیموں نے ٹرافی حاصل کرنے کی جنگ جاری رکھی۔ میچ کے 108 ویں منٹ میں میسی نے اپنا جادو چلاتے ہوئے ایک اور گول کر کے اپنی ٹیم کو پھر برتری دلا دی۔

ارجنٹائن کی برتری زیادہ دیر جاری نہ رہ سکی اور میچ کی صورتحال ایک بار پھر دفاعی چیمپئن کے حق میں اس وقت چلی گئی جب کلیان امباپے نے ایک بار پھر فاؤل کی وجہ سے ملنے والی پنالٹی پر گول کر کے میچ کو برابر کر دیا، اضافی وقت کے اختتام تک دونوں ٹیموں کے 3، 3 گول رہے۔

میچ کا فیصلہ اضافی وقت ختم ہونے کے بعد پنالٹی ککس پر ہوا، دونوں ٹیموں نے پہلی پنالٹی ککس کامیابی سے جال میں پہنچائیں، اس کے بعد فرانس کی جانب سے مسلسل 2 پنالٹی ککس ناکام ہونے کی وجہ سے ارجنٹائن کو کامیابی سے ہمکنار کر دیا۔ یوں میچ کا فیصلہ 2-4 سے ہوا۔