پشاور موڑ تا اسلام آباد ائیرپورٹ میٹروبس ،شہباز شریف نےبڑےمنصوبے کا افتتاح کر دیا 

Apr 18, 2022 | 12:02:PM
وزیراعظم شہباز شریف نےبڑےمنصوبے کا افتتاح کر دیا 
کیپشن: وزیراعظم شہباز شریف(فائل فوٹو)
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(24نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ  تحریک انصاف  کے 4 سالہ دور میں میٹروبس منصوبے کا نقشہ اور حلیہ بگاڑ دیا گیا، تعطل سے منصوبے کو 4 ارب سے زائد کا نقصان ہوا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق پشاور موڑ تا اسلام آباد ائیر پورٹ میٹر و بس منصوبے کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سابق وزیراعظم 55 روپے کے سستے ہیلی کاپٹر سے دفتر آتے جاتے تھے ، انہیں اس سے کیا غرض تھی کہ غریبوں نے اپنے بچوں کو سکول لے کر جانا ہے،ان کا کہنا تھا کہ عوامی فلاحی منصوبوں پر پی ٹی آئی نے سالہاسال حکم امتناعی حاصل کئے رکھے، چین کے تعاون سے کے سی آر منصوبہ کراچی کیلئے بہت اہم ہے،یہ منصوبہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے مسائل حل کرنے میں مدد گار ہو گا۔ 

انہوں نے اس موقع پر عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میرے وزیراعظم بننے سے سابق وزیراعظم کو گھبراہٹ ہو تو ہو گی مگر عوام کا گھبراہٹ اب ختم ہو چکی ہے۔ سابق وزیراعظم کو گھبراہٹ ہوتی ہے تو ہو، لیکن میں اسی رفتار سے کام کروں گا جس کا میں عادی ہوں۔ 

خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے اپنا منصب سنبھالنے کے بعد پشاور موڑ تا نیو اسلام آباد ایئرپورٹ بس منصوبے کے التوا کی انکوائری کا حکم بھی دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ قوم کا پیسہ ہے، انکوائری کرنا ضروری ہے،شہباز شریف نے 14 اپریل کی صبح 7 بجے 4 سال سے التوا کا شکار بس منصوبے کا دورہ کیا، اس موقع پر متعلق افسران نے شہباز شریف کو منصوبے سے متعلق بریفنگ بھی دی۔