دنیا کا سب سے بڑا مقابلہ، بلوچستان کے ضلع لورالائی کے الیو آئل کو سلور ایوارڈ 

May 17, 2025 | 21:21:PM
دنیا کا سب سے بڑا مقابلہ، بلوچستان کے ضلع لورالائی کے الیو آئل کو سلور ایوارڈ 
Stay tuned with 24 News HD Android App
Get it on Google Play

(ویب ڈیسک)دنیا کے سب سے بڑے زیتون کے تیل کے مقابلے میں بلوچستان کے ضلع لورالائی کے ایک کسان کے باغ سے حاصل کردہ تیل کو عالمی سطح پر بہترین معیار کا تسلیم کیا گیا ہے۔

 ’نیویارک انٹرنیشنل اولیو آئل کمپیٹیشن‘ میں دنیا بھر کے 1200 سے زائد برانڈز نے شرکت کی جس میں ’لورالائی اولیوز‘ نے سلور ایوارڈ حاصل کیا۔

لورالائی اولیوز کے چیف ایگزیکٹیو شوکت رسول کے مطابق ’ہمارا خواب تھا کہ پاکستان کو زیتون پیدا کرنے والے ممالک کی صف میں جگہ ملے۔ الحمداللہ ہم نے یہ خواب پورا کر کے دکھایا اوریہ ثابت کر دیا کہ پاکستان میں عالمی معیار کا زیتون کا تیل پیدا ہو رہا ہے۔ ‘انہوں نے بتایا کہ یہ ایوارڈ سپین، اٹلی اور امریکہ جیسے بڑے پیداواری ممالک کے درمیان حاصل کرنا نہ صرف پاکستان بلکہ پورے جنوبی ایشیا کے لیے اعزاز ہے۔ ان کے مطابق ’ہم اس مقابلے میں سلور میڈل حاصل کرنے والا جنوبی ایشیا کا پہلا برانڈ ہیں۔‘

ان کے بقول یہ تیل لورالائی کے باغات سے حاصل کردہ مختلف اقسام میں سے ’آربکیونا‘ ورائٹی سے تیار کیا گیا تھا۔ کاشت کاری سے لے کر تیل نکالنے، پیکیجنگ اور سٹوریج تک سخت کوالٹی کنٹرول اور بین الاقوامی سرٹیفکیشن کے بعد یہ کامیابی حاصل ہوئی۔

زیتون کے باغ کے مالک عبدالجبار نے  بتایا کہ یہ کامیابی برسوں کی محنت کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ لورالائی میں 30 ایکڑ پر قائم ان کے باغ سے پچھلے سال نو ہزار لیٹر سے زائد تیل حاصل ہوا جس سے کروڑوں روپے کا منافع ہوا۔ ان کے مطابق ’زیتون سخت موسمی حالات برداشت کرتا ہے، اس کا پھل خراب نہیں ہوتا اور اسے ذخیرہ کرنا آسان ہے۔‘

عبدالجبار نے بتایا کہ ’میں پہلے ٹماٹر، گوبھی اور دیگر سبزیاں اور بادام اگاتا تھا مگرسخت موسمی حالات، پانی کی کمی، مارکیٹ میں قیمتیں گرنے اور دیگر وجوہات کی بناء پر اکثر نقصان اٹھانا پڑتا تھا مگر ایک دہائی پہلے زیتون کے درخت لگانے کے بعد نقصان نہیں اٹھانا پڑا بلکہ ہر سال فائدہ بڑھ رہا ہے۔‘

ماہرین کے مطابق بلوچستان زیتون کی کاشت کے لیے ملک کا سب سے موزوں خطہ ہے۔

پاکستان آئل سیڈ ڈیپارٹمنٹ کے سابق سربراہ اور وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم کے ٹیکنیکل رکن ڈاکٹر خیر محمد کاکڑ کے مطابق ’بلوچستان میں زیتون کا ایکسٹرا ورجن تیل عالمی معیار کا ہے نیویارک کے عالمی مقابلے میں ایوارڈ جیتنے کے بعد بلوچستان کے تیل کی پذیرائی بڑھے گی۔‘

ان کا کہنا ہے کہ ’ہم رینکنگ میں بہت پیچھے ہیں اس مقابلے کے جیتنے کے بعد ہم سپین میں عالمی زیتون کونسل سے رجوع کر کے پاکستان کی رینکنگ بڑھانے پر زور دیں گے۔‘

دیگر کیٹیگریز: پاکستان - بلوچستان
ٹیگز: