جائیداد کے تنازع پر بہن کاقتل ؛ملزم کی ضمانت بعد از گرفتاری کا معاملہ ٹرائل کورٹ کو ٹرانسفر
Stay tuned with 24 News HD Android App
(امانت گشکوری)سپریم کورٹ نے جائیداد کے تنازع پر بہن کو قتل کرنے والے ملزم محمد حسین کی ضمانت بعد از گرفتاری کا معاملہ ٹرائل کورٹ کو بھجوا دیا ۔جسٹس عرفان سعادت نے کہاکہ آپ نے طبی بنیادوں پر ضمانت مانگی ہے،کیوں نہ طبی جائزے کیلئے آپ کا معاملہ میڈیکل بورڈ کو بھجوا دیں۔
دوران سماعت وکیل ملزم نے کہاکہ میرا کیس یہ ہے کہ میرے موکل کی صحت ٹھیک نہیں اس کو ضمانت دی جائے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ وکیل کا کام ہوتا ہے کہ وہ ججز کو سمجھے،وکیل تو ایک ہی رہتا ہے لیکن ججز بدلتے رہتے ہیں، کوئی جج کیس کو ابتدا میں ہی پرکھ لیتا ہے اور کوئی آخر میں جاکر کیس کو مکمل طور پر سمجھتا ہے،کوئی جج میری طرح سخت ہوتا ہے اور کوئی جج نرم مزاج ہوتا ہے،اس لیے وکیل کا جج کو سمجھنا ضروری ہے.
جسٹس جمال مندوخیل نے استفسار کیا کہ کیا آلہ قتل برآمد ہوا؟وکیل ملزم نے کہاکہ ابھی چالان پیش ہوا ہے لیکن آلہ قتل ابھی تک برآمد نہیں ہوسکا، وکیل مقتول کاکہناتھا کہ ملزم نے گھر میں گھر کے ہی تنازع پر اپنی بہن کو قتل کیا ہے،جسٹس جمال مندوخیل نے کہاکہ یہ معاملہ ٹرائل کورٹ نے دیکھنا ہے ہمارے پاس ضمانت بعد از گرفتاری کا معاملہ ہے،طبی بنیادوں پر ٹرائل کورٹ سے ضمانت کیلئے رجوع کریں،سپریم کورٹ نے معاملہ ٹرائل کورٹ کو بھیجتے ہوئے درخواست نمٹا دی،جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔
یہ بھی پڑھیں:موبائل سمز کی منتقلی ! پی ٹی اے نے اہم ہدایات جاری کر دیں