مری و گلیات میں سیاحوں کی نقل و حمل محدود کرنے کے احکامات
ممکنہ طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹنگ کے پیش نظر سیاح محفوظ مقامات پر رہیں ،پی ڈی ایم اے
Stay tuned with 24 News HD Android App
(کلیم اختر)پی ڈی ایم اے پنجاب نے مری و گلیات میں 17 سے 19 اگست تک سیاحوں کی نقل و حمل محدود کرنے کے احکامات جاری کردیئے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب کی جانب سے سیکرٹری سیرو سیاحت، کمشنر راولپنڈی اور ڈی سی مری کو مراسلہ جاری کردیاگیاہے جس میں کہاگیاہے کہ طوفانی بارشوں کے باعث مری و گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات ہیں،ممکنہ طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹنگ کے خدشے کے پیش نظر سیاح محفوظ مقامات پر رہیں ۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے مری میں سیاحوں کے داخلے کو مسلسل نوٹ کرنے کی ہدایات کرتے ہوئے مری کی ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ کر دیا ہے،پی ڈی ایم اے نے مزیدکہاہے کہ ٹریفک کے بہاؤ کیلئے ٹریفک پولیس تمام حساس مقامات پر الرٹ رہے۔
یہ بھی پڑھیں:پشاور اسلام آباد موٹروے صوابی انبار انٹرچینج کے مقام پر بند کردی گئی
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے کہاہے کہ سیاحوں کو ممکنہ بارشوں اور فلیش فلڈنگ کے بارے آگاہی فراہم کی جائے،سیاح اور شہری پہاڑی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے بھی گریز کریں۔