سی ایس ایس 2025 میں کامیاب ہونیوالوں کی 327 اسامیوں پر بھرتی کا اعلان
Stay tuned with 24 News HD Android App
(بابر شہزاد تُرک) سی ایس ایس 2025 امتحان کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آ گئی، فیڈرل پبلک سروس کمیشن نے سی ایس ایس 2025 کیلئے اسامیوں کی تفصیلات جاری کر دیں، مجموعی طور پر 327 اسامیوں پر بھرتی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔
ایف پی ایس سی کے مطابق 191 نئی جبکہ 136 گزشتہ برسوں کی منتقل شدہ آسامیاں شامل ہیں، اوپن میرٹ (بشمول جنرل میرٹ) کیلئے 169 نشستیں ، خواتین کیلئے 35، اقلیتوں کیلئے 123 اسامیاں مختص کی گئیں، اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق پنجاب کیلئے سب سے زیادہ 157 ، خیبرپختونخوا کیلئے 43، سندھ رورل کیلئے 30 ، سندھ اربن کیلئے 28، بلوچستان کیلئے 28 ، سابق فاٹا کیلئے 16 اور آزاد کشمیر کیلئے 7 نشستیں مختص کی گئی ہیں۔
ایف پی ایس سی کے مطابق گلگت بلتستان کیلئے 3 اسامیوں کا کوٹہ مختص کیا گیا ہے، اس میں پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس، پولیس سروس آف پاکستان کی اسامیاں بھی شامل ہیں، فارن سروس آف پاکستان، ان لینڈ ریونیو سروس ، آفس مینجمنٹ گروپ اور دیگر سروسز و گروپس کی اسامیاں بھی شامل ہیں۔
اسامیوں کی تقسیم میں صوبائی، علاقائی، خواتین، اقلیتی تناسب مدنظر رکھا گیا،اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی پالیسی کے مطابق کوٹہ سسٹم پر عملدرآمد ہو گا، امیدواروں کی حتمی تعیناتی میرٹ پوزیشن کی بنیاد پر ہو گی،حتمی تعیناتی امیدوار کی ترجیحات، کمیشن کی جانب سے موزونیت، ڈومیسائل کی بنیاد پر ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں :پیٹرولیم مصنوعات کا ذخیرہ کتنا باقی؟ حکام نےدعویٰ کر دیا